اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے اپنی نئی اور جدید ویب سائٹ متعارف کرا دی ہے، جو ایک جامع اور مربوط ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے اور اسے شہریوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے، جس کا مقصد خدمات، معلومات اور ڈیٹا تک رسائی کو مزید آسان اور مؤثر بنانا ہے۔
یہ ویب سائٹ نادرا کے کردار اور پاکستان میں شناختی نظام کے ارتقاء کو واضح انداز میں پیش کرتی ہے، جہاں ملک نے روایتی کاغذی نظام سے ترقی کرتے ہوئے دنیا کے بڑے بائیومیٹرک شناختی نظاموں میں اپنی جگہ بنائی ہے۔ شناختی خدمات جیسے قومی شناختی کارڈ (CNIC)، نائیکوپ، پی او سی، ایف آر سی، سی آر سی اور دیگر سرٹیفکیٹس کو اب زیادہ منظم اور صارف دوست انداز میں پیش کیا گیا ہے تاکہ ملک کے اندر اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بہتر سہولت میسر آ سکے۔
ویب سائٹ کی ایک نمایاں خصوصیت نادرا کا جیو اسپیشلی ریفرنسڈ ڈیموگرافک انفارمیشن سسٹم (nGRIDS) ہے، جس کے ذریعے ملک بھر میں رجسٹریشن کی صورتحال کو نقشوں کی صورت میں دیکھا اور سمجھا جا سکتا ہے۔ اس نظام میں ضلعی سطح پر مردم شماری اور رجسٹریشن کے تقابلی جائزے کی سہولت فراہم کی گئی ہے، جبکہ ایک خصوصی میپ گیلری کے ذریعے مختلف موضوعاتی نقشے ڈاؤن لوڈ کرنے کی سہولت بھی موجود ہے، جو تحقیق اور منصوبہ بندی کے لیے مفید ثابت ہو سکتی ہے۔
ویب سائٹ میں اعداد و شمار اور تجزیاتی معلومات کو بھی مربوط انداز میں شامل کیا گیا ہے، جن میں قومی سطح کے اشاریے، صوبہ وار تفصیلات اور مختلف رجحانات شامل ہیں۔ اس کے ساتھ پاکستان کے رجسٹریشن نظام کی مکمل تصویر بھی پیش کی گئی ہے، جس میں یونین کونسل کی سطح پر ہونے والی پیدائش، وفات، شادی اور طلاق کی رجسٹریشن کو نادرا کے مرکزی نظام سے منسلک کر کے دکھایا گیا ہے۔
شناخت کی تصدیقی خدمات کو بھی ایک پلیٹ فارم پر یکجا کیا گیا ہے، جو بینکاری، ٹیلی کام اور مختلف حکومتی اداروں کی ضروریات کو پورا کرتی ہیں۔
شفافیت کے فروغ کے لیے ویب سائٹ میں حق برائے معلومات (RTI) سے متعلق ایک مخصوص سیکشن شامل کیا گیا ہے، جس میں درخواست جمع کروانے، اس کی پیروی کرنے اور مقررہ وقت میں جواب حاصل کرنے کا مکمل نظام فراہم کیا گیا ہے، جبکہ ذاتی معلومات کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔
شہری سہولت میں مزید بہتری کے لیے کسٹمر سپورٹ سسٹم کو بھی وسعت دی گئی ہے، جس میں 24 گھنٹے فعال کال سینٹر، آئی وی آر، ای میل سپورٹ اور شکایات کے اندراج اور ان کے ازالے کا مؤثر نظام شامل ہے، اور اس کی کارکردگی کو بھی واضح طور پر ظاہر کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ نادرا کے کیریئرز پورٹل کو بھی جدید تقاضوں کے مطابق اپ گریڈ کیا گیا ہے، جہاں پاک آئی ڈی کے ذریعے تصدیق شدہ لاگ اِن، آسان درخواست کا طریقہ کار اور ملازمت کے مواقع تک بہتر رسائی فراہم کی گئی ہے۔
یہ ویب سائٹ نادرا کے ملک بھر اور بیرون ملک پھیلے ہوئے نیٹ ورک کی بھی عکاسی کرتی ہے، جس میں رجسٹریشن مراکز، موبائل یونٹس اور بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات شامل ہیں، جبکہ میڈیا سینٹر کو بھی ازسر نو ترتیب دیا گیا ہے تاکہ عوام تک بروقت اور مستند معلومات پہنچائی جا سکیں۔
یہ اقدام ڈیجیٹل سہولت، شفافیت اور عوامی خدمت کے معیار کو بہتر بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، جو اس عزم کو ظاہر کرتا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے محفوظ، مؤثر اور شہریوں کے لیے آسان شناختی خدمات فراہم کی جائیں گی۔