یومِ پاکستان ، صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اور عسکری قیادت کے قوم کے نام پیغامات
یومِ پاکستان کی چھیاسیویں سالگرہ کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور عسکری قیادت نے قوم کے نام اپنے پیغامات میں اتحاد، یکجہتی، ترقی اور ملکی دفاع کے عزم کا اعادہ کیا ہے،
صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ تئیس مارچ انیس سو چالیس کو برصغیر کے مسلمانوں نے ایک آزاد وطن کے قیام کی بنیاد رکھی اور قیام پاکستان کے بعد قوم نے مختلف چیلنجز کا مقابلہ محنت اور باہمی تعاون سے کیا، وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قوم نے غیرمعمولی عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کو جوہری طاقت بنایا اور چیلنجز کے باوجود پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن رکھا جا رہا ہے جبکہ مسلح افواج ملک کے دفاع اور خود مختاری کے لیے پرعزم ہیں، اسحاق ڈار نے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم پاکستان ملکی تاریخ کا اہم دن ہے اور ہم اپنے شہدا اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ادھر آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ تئیس مارچ انیس سو چالیس ایک تاریخی سنگ میل ہے جو ایمان، امید اور استقامت کی علامت ہے، عسکری قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشتگردی اور انتہا پسندی کے چیلنجز کے باوجود مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور عوام متحد ہو کر ملک کے دفاع، سلامتی، خود مختاری اور استحکام کو یقینی بنانے کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔