سکیورٹی فورسز نے افغان دہشت گردوں کے ڈرون حملے ناکام بنا دیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 13 مارچ کو افغان طالبان نے پاکستان پر ڈرون حملے کیے، جنہیں ہدف تک پہنچنے سے پہلے مار گرایا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ تباہ شدہ ڈرون کے ملبے سے کوئٹہ میں دو بچے زخمی ہوئے جبکہ کوہاٹ اور راولپنڈی میں ایک ایک شخص زخمی ہوا۔
آئی ایس پی آر نے ان حملوں کو عوام میں خوف پھیلانے کی افغان طالبان کی ناپاک کوشش قرار دیا اور کہا کہ عوام اور مسلح افواج افغانستان پر قابض کرائے کی دہشت گرد ملیشیا کی حقیقت جانتے ہیں۔ افغان سرزمین سے دہشت گردوں کے خاتمے تک آپریشن غضب الحق جاری رہے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق افغان سرزمین سے ہونے والی دہشت گردی ناقابل برداشت اور ناقابل قبول ہے اور افواج دہشت گردی اور اس کی تمام شکلوں کے خلاف ثابت قدمی سے لڑتی رہیں گی۔