Gas Leakage Web ad 1

گلگت بلتستان میں مفت سولر اسکیم کی پہلی ڈیجیٹل قرعہ اندازی کا آغاز

گلگت بلتستان میں مفت سولر اسکیم کی پہلی ڈیجیٹل قرعہ اندازی کا آغاز

0

گلگت: نگراں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان جسٹس (ر) یار محمد نے وزیراعظم پاکستان کی جانب سے شروع کی گئی مفت سولر اسکیم کے پہلے مرحلے کے تحت ضلع گلگت کے درخواست دہندگان کے لیے شفاف ڈیجیٹل قرعہ اندازی کا باضابطہ آغاز کر دیا۔

Gas Leakage Web ad 2

اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے گلگت بلتستان کے عوام کے لیے مفت سولر اسکیم ایک تاریخی اور انقلابی اقدام ہے جو خطے میں توانائی کے دیرینہ مسائل کے حل میں سنگ میل ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت شفافیت، میرٹ اور مساوی مواقع کی پالیسی پر کاربند ہے، اسی لیے درخواست دہندگان کے انتخاب کے لیے جدید ڈیجیٹل قرعہ اندازی کا طریقہ کار اختیار کیا گیا ہے تاکہ ہر مستحق فرد تک اس منصوبے کے ثمرات بلا امتیاز پہنچ سکیں۔

گوگل، مائیکروسافٹ سمیت کئی عالمی کمپنیوں کو ایران کی وارننگ، فہرست جاری

انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت مجموعی طور پر 58 میگاواٹ کے سولر پینلز فراہم کیے جائیں گے، جن میں سے 40 میگاواٹ گھریلو صارفین جبکہ 18 میگاواٹ چھوٹے کاروباروں اور آئی ٹی سے منسلک اداروں کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔ نگراں وزیراعلیٰ نے کہا کہ سولر پینلز کراچی سے گلگت بلتستان منتقل کیے جا چکے ہیں اور منصوبے پر عملی پیش رفت تیزی سے جاری ہے۔

تقریب کے بعد ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے نگراں صوبائی وزراء ساجد علی بیگ، انجینئر الطاف حسین اور سید عادل شاہ نے وزیراعظم کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ گلگت بلتستان کے عوام کے لیے ایک بڑی سہولت ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ متبادل توانائی کے فروغ سے نہ صرف بجلی کی کمی پر قابو پانے میں مدد ملے گی بلکہ ماحولیاتی تحفظ میں بھی مثبت کردار ادا ہو گا۔

ایڈیشنل چیف سیکریٹری ڈویلپمنٹ مشتاق احمد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سولر پینلز کی تقسیم کا عمل وزیر توانائی کی سربراہی میں مکمل شفافیت کے ساتھ انجام دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے ڈیٹا کی بنیاد پر انتہائی مستحق خاندانوں کو سولر سسٹم کے ساتھ بیٹری اور انورٹر بھی مفت فراہم کیے جائیں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ منصوبے کی نگرانی اور شفاف تقسیم کے لیے پی ایم آر یو (پراجیکٹ مانیٹرنگ اینڈ ریفارمز یونٹ) کے تحت ایک جامع نظام وضع کیا گیا ہے۔ آج ضلع گلگت میں پہلی ڈیجیٹل قرعہ اندازی شفاف انداز میں مکمل کی گئی جبکہ اسی روز ضلع نگر، ہنزہ اور غذر میں بھی قرعہ اندازی کا عمل جاری ہے۔

نگراں صوبائی حکومت کے ترجمان شبیر میر نے کہا کہ اس اسکیم کا بنیادی مقصد درخواست دہندگان میں سولر سسٹمز کی منصفانہ اور شفاف تقسیم کو یقینی بنانا ہے تاکہ حقیقی مستحق افراد اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس منصوبے سے نہ صرف بجلی کے بحران میں نمایاں کمی آئے گی بلکہ صاف اور قابل تجدید توانائی کے فروغ سے خطے کی معاشی اور سماجی ترقی میں بھی مدد ملے گی۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.