وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے نومنتخب سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کو خط لکھا ہے۔
وزیراعظم نے خط میں آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اس مشکل وقت میں ایران کی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وزیراعظم نے مجتبیٰ خامنہ ای کو ایران کے سپریم لیڈر کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے ان کی قیادت آنے والے سالوں میں ایران میں امن، استحکام، وقار اور خوشحالی کی طرف رہنمائی کرے گی۔
شہباز شریف نے خط میں کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات مشترکہ عقیدے، تاریخ، ثقافت اور زبان پر مبنی ہیں۔ انہوں نے ایران کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے لیے پاکستان کے عزم اور دونوں برادر ممالک کے مفاد کے لیے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے مجتبیٰ خامنہ ای کی صحت اور کامیابی اور ایران کے عوام کے لیے امن، استحکام اور خوشحالی کی دعا بھی کی۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملے میں سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای اپنے خاندان کے دیگر افراد کے ہمراہ شہید ہو گئے تھے۔ ان کی شہادت کے بعد دو روز قبل ان کے بیٹے مجتبیٰ خامنہ ای کو ایران کا نیا سپریم لیڈر منتخب کیا گیا۔ امریکی صدر ٹرمپ اور اسرائیل نئی ایرانی قیادت کو بھی نشانہ بنانے کا اعلان کر چکے ہیں۔