برطانیہ سے قانون کی ڈگری مکمل کرنے والے نوجوان قانون دان شکیب شریف میرپور بار ایسوسی ایشن میں بطور ایڈووکیٹ باقاعدہ طور پر شامل
برطانیہ سے قانون کی ڈگری مکمل کرنے کے بعد نوجوان قانون دان شکیب شریف کو میرپور بار ایسوسی ایشن میں باضابطہ طور پر بطور ایڈووکیٹ انرول کر لیا گیا ہے۔ یہ لمحہ ان کی زندگی کے اہم اور یادگار مواقع میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔
اس موقع پر انہیں سرٹیفکیٹ ان کے والد اور سینئر قانون دان چوہدری شبیر شریف ایڈووکیٹ اور ممتاز وکیل کامران طارق ایڈووکیٹ کے ہاتھوں دیا گیا۔ یہ دونوں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میرپور کے سابق صدور بھی رہ چکے ہیں اور قانونی شعبے میں نمایاں مقام رکھتے ہیں۔
شکیب شریف نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ سے تعلیم مکمل کرنے کے بعد اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے وکالت کے شعبے میں قدم رکھنا ان کے لیے باعث فخر ہے۔ انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ وہ قانونی پیشے میں دیانت داری، محنت اور پیشہ ورانہ اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے عوام کی خدمت کریں گے۔
قانونی اور سماجی حلقوں نے شکیب شریف کو اس اہم کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔