سابق کپتان سرفراز احمد کو پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کی طرف سے سرفراز احمد کی تقرری کا باضابطہ اعلان جلد کیا جائے گا۔ وہ بنگلادیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کوچ کا عہدہ خالی تھا، اظہر محمود صرف جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے لیے عبوری ہیڈ کوچ تھے۔
قومی ٹیم مئی میں بنگلادیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلے گی جو کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2027 کا حصہ ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 8 مئی جبکہ دوسرا ٹیسٹ 16 مئی سے شروع ہوگا۔
سرفراز احمد اس سے قبل پاکستان انڈر 19 ٹیم کے مینٹور تھے، انہی کی نگرانی میں ٹیم نے ایشیا کپ جیتا تھا اور حالیہ انڈر 19 ورلڈکپ میں بھی وہ مینٹور کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔