بھارتی فضائیہ نے مقامی طور پر تیار کردہ HAL Tejas لڑاکا طیاروں کو یکے بعد دیگرے پیش آنے والے حادثات کے بعد عارضی طور پر گراؤنڈ کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 7 فروری کو پیش آنے والے حادثے کے بعد بھارتی فضائیہ نے اپنے زیرِ استعمال 35 تیجس لڑاکا طیاروں کے مکمل بیڑے کو عارضی طور پر پروازوں سے روک دیا ہے اور ان کی تکنیکی جانچ کا عمل جاری ہے۔
ایران سے کشیدگی میں شدت، امریکا نے قطر اور بحرین سے اپنے ہزاروں فوجی نکال لئے
حادثے کی حتمی وجوہات تاحال سامنے نہیں آ سکیں، جس کے باعث فضائیہ نے تمام طیاروں کی جامع جانچ کا حکم دیا ہے۔ ان معائنوں میں لینڈنگ گیئر کی دھاتی ساخت کا تجزیہ، الیکٹرو میگنیٹک بریکنگ سسٹم اور آن بورڈ سافٹ ویئر کی پڑتال شامل ہے۔
بھارتی فضائیہ کا تیجس طیارہ لینڈنگ کے دوران تباہ
7 فروری کو پیش آنے والے حادثے میں سنگل سیٹ طیارے کے پائلٹ کو معمولی چوٹیں آئیں تاہم وہ محفوظ رہا۔ اطلاعات کے مطابق حادثے کا شکار طیارے کے ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ہے اور اسے ممکنہ طور پر ناقابلِ استعمال قرار دیا جا سکتا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 2016 میں تیجس کی بھارتی فضائیہ میں شمولیت کے بعد یہ اس طیارے کا تیسرا بڑا حادثہ ہے۔
پہلا حادثہ مارچ 2024 میں جیسلمیر کے قریب فائر پاور مظاہرے سے واپسی کے دوران پیش آیا تھا، جس میں پائلٹ بحفاظت ایجیکٹ کرنے میں کامیاب رہا۔ دوسرا واقعہ نومبر 2025 میں دبئی ایئر شو کے دوران فضائی مظاہرے کے وقت پیش آیا، جس میں طیارے کا پائلٹ ہلاک ہو گیا تھا۔
دوسری جانب بھارتی طیارہ ساز کمپنی Hindustan Aeronautics Limited نے 7 فروری کے واقعے کو مکمل حادثہ قرار دینے کے بجائے اسے ایک معمولی تکنیکی خرابی قرار دیا ہے۔ کمپنی کے مطابق ایس او پیز کے تحت معاملے کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے اور مسئلے کے فوری حل کے لیے کمپنی بھارتی فضائیہ کے ساتھ رابطے میں ہے۔
ایچ اے ایل کا کہنا ہے کہ تیجس عالمی سطح پر ہم عصر لڑاکا طیاروں کے مقابلے میں بہتر حفاظتی ریکارڈ رکھنے والے طیاروں میں شمار ہوتا ہے۔