


اسلام آباد میں سیکٹر G-7/2 میں گیس سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں آٹھ افراد جاں بحق اور گیارہ زخمی ہوگئے۔ واقعہ پیر کی صبح 7 بج کر 24 منٹ پر ایک رہائشی گھر میں پیش آیا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق دھماکا گیس لیکج کے باعث ہوا جس سے گھر کا بڑا حصہ منہدم ہوگیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی کیپیٹل ایمرجنسی سروس نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا اور پانچ منٹ کے اندر جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی سرگرمیاں شروع کردیں۔ ریسکیو آپریشن میں فائر فائٹنگ، طبی امداد اور ریسکیو کے لیے 45 اہلکاروں نے حصہ لیا جبکہ 10 ایمبولینسز اور ایک ریسکیو وہیکل بھی موقع پر موجود رہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر پمز ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے جائے حادثہ کا دورہ کیا اور صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ بعد ازاں انہوں نے پمز ہسپتال جا کر زخمیوں کی عیادت کی اور ہسپتال انتظامیہ کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ محمد علی رندھاوا نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے اور واقعے کی شفاف انکوائری شروع کردی گئی ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ سردیوں کے موسم میں گیس سلنڈرز کے غیر محتاط استعمال کے باعث اس طرح کے حادثات پیش آتے ہیں، عوام کو چاہیے کہ گیس سلنڈرز اور دیگر آلات کے استعمال میں انتہائی احتیاط برتیں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن امداد کی جائے گی۔


Recover your password.
A password will be e-mailed to you.