لیاری میں گینگ وار کے سابقہ کمانڈر رحمان ڈکیت کے بھتیجے کو ساتھی سمیت گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ملزمان کو دورانِ واردات لیاری کلاکوٹ سے گرفتار کیا گیا، جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور چھینی گئی موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی گئی۔
سی ویو پر عالمی کراچی میراتھن کا انعقاد، 25 ممالک کے 7 ہزار سے زائد رنرز شریک
ایس ایس پی سٹی عارف عزیز کے مطابق ضلع سٹی میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے لیاری گینگ وار کے بدنام زمانہ کمانڈر رحمان ڈکیت کے بھتیجے کو ساتھی سمیت دورانِ واردات رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ ملزمان کو تھانہ کلاکوٹ کی حدود سے گرفتار کیا گیا جہاں وہ مبینہ طور پر واردات میں مصروف تھے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت حارث اور راشد علی کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ترجمان ایس ایس پی سٹی کے مطابق گرفتار ملزم حارث لیاری گینگ وار کے سابقہ کمانڈر رحمان ڈکیت کا بھتیجا ہے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، راؤنڈز اور چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد کر لی ہے جس کے چھیننے کا مقدمہ پہلے ہی تھانہ کلاکوٹ میں درج ہے۔ ترجمان ڈسٹرکٹ سٹی پولیس کے مطابق دونوں ملزمان اس سے قبل بھی متعدد مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں۔ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں جبکہ مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔