میرپور: آزاد جموں و کشمیر گزیٹیڈ آفیسرز ایسوسی ایشن ضلع میرپور نے مرکزی تنظیم کی جانب سے حکومت کو پیش کیے گئے 18 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے یقین دہانی کروائی ہے کہ مرکزی فیصلوں پر ضلع بھر میں من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
یہ فیصلہ انجینئر شہزادہ اورنگزیب کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا، جس میں جنرل سیکریٹری راجہ ہمایوں رزاق، سینئر نائب صدر انجینئر وقار حنیف، نائب صدور فرح اویس اور ڈاکٹر محیب الرحمان، ایڈیشنل جنرل سیکریٹری راجہ اکرم سبحانی، جوائنٹ سیکریٹری محمد آصف جمیل، پریس سیکریٹری محمد جاوید ملک اور سیکریٹری مالیات مختار احمد اعوان نے شرکت کی۔
اجلاس میں کہا گیا کہ پیش کردہ چارٹر آف ڈیمانڈ ملازمین کے جائز قانونی اور آئینی حقوق کی نمائندگی کرتا ہے۔ افسران کی ترقیاں تعطل کا شکار ہیں کیونکہ سلیکشن بورڈز طویل عرصے سے نہیں بلائے جا رہے۔ کئی افسران سالوں سے ایک ہی گریڈ میں کام کر رہے ہیں، جس سے نہ صرف اُن کی ترقی رک گئی ہے بلکہ دیگر ملازمین کے لیے بھی راستے بند ہیں۔
تنخواہوں اور الاؤنسز میں فرق کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ اس سے ملازمین میں احساس محرومی پیدا ہو رہا ہے۔ اس کے علاوہ، عملے کی شدید کمی کے باعث موجودہ اسٹاف پر کام کا بوجھ مسلسل بڑھ رہا ہے، جس کے حل کے لیے نئی اسامیاں تخلیق کی جائیں۔
اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ ایڈھاک اور عارضی بنیادوں پر کی گئی بھرتیوں کی جگہ پبلک سروس کمیشن کو فعال کیا جائے تاکہ مستقل تقرریاں عمل میں لائی جا سکیں اور انتظامی نظام میں موجود خامیاں دور ہوں۔
رہنماؤں نے زور دیا کہ ریاستی بیوروکریسی نے مشکل حالات میں بھی حکومت کا نظام چلایا اور ریاست کی رٹ قائم رکھی۔ اس کے باوجود افسران کے ساتھ روا رکھے گئے سلوک سے ان میں مایوسی پیدا ہو رہی ہے۔ مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں مرکزی تنظیم کی ہدایات کے مطابق پُرامن احتجاج کا راستہ اختیار کیا جائے گا۔
ایسوسی ایشن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ تمام نکات پر مقررہ تاریخ سے قبل عملدرآمد کیا جائے تاکہ افسران مزید جذبے اور جوش سے اپنی خدمات سرانجام دے سکیں۔