اسلام آباد (رپورٹ: چوہدری ہارون اشتیاق)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مصروف علاقے آئی جی پی روڈ، علی آباد لنک روڈ پر گزشتہ رات 11 بجے کے قریب ڈکیتی کی واردات کے دوران 25 سالہ نوجوان کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔ افسوسناک واقعہ تھانہ شمس کالونی کی حدود میں پیش آیا، تاہم واردات کے بعد تھانہ شمس کالونی اور تھانہ ویسٹریج کے درمیان حدود کے تعین پر تنازعہ کھڑا ہو گیا، جس کے باعث مقتول کی نعش تقریباً 10 گھنٹے تک ڈی ایچ کیو ہسپتال کی مردہ خانہ میں بے یار و مددگار پڑی رہی۔
واقعے کے فوری بعد نہ تو کوئی ایف آئی آر درج کی گئی اور نہ ہی جائے وقوعہ کا باقاعدہ معائنہ کیا گیا۔ دونوں تھانوں کی حدود کے جھگڑے کے باعث کیس کو سنجیدگی سے نہ لیا گیا، جس پر مقتول کے لواحقین اور اہل علاقہ نے شدید احتجاج کیا۔ نعش صبح تقریباً 5 بجے اس وقت پمز ہسپتال منتقل کی گئی جب دونوں تھانوں کے ایس ایچ اوز کے درمیان حدود کا تنازعہ طے پایا۔ ذرائع کے مطابق پمز ہسپتال میں پوسٹ مارٹم کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد واقعے کے 18 گھنٹے بعد نعش ورثاء کے حوالے کی گئی۔ اس دوران مقتول کے والدین اور عزیز و اقارب شدید غم و غصے اور صدمے میں مبتلا رہے۔
آئی جی پی روڈ اور علی آباد لنک روڈ کے مکینوں کا کہنا ہے کہ یہ علاقہ جرائم پیشہ عناصر کے لیے ایک محفوظ پناہ گاہ بن چکا ہے۔ صرف ایک ہفتے کے دوران موٹر سائیکل سوار ڈکیت گروہوں کی جانب سے نصف درجن سے زائد وارداتیں رپورٹ ہو چکی ہیں، جن میں راہگیروں سے موبائل فونز، نقدی، اور موٹر سائیکلیں چھین لی گئیں۔ اہل علاقہ کے مطابق نہ تو پولیس کی جانب سے کوئی مؤثر گشت کی جاتی ہے، نہ ہی وارداتوں کی روک تھام کے لیے کوئی سنجیدہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔ ہر واردات کے بعد پولیس حدود کے تعین پر الجھ جاتی ہے، جس کا براہِ راست فائدہ جرائم پیشہ افراد کو پہنچ رہا ہے۔
علاقہ مکینوں نے آئی جی اسلام آباد، ڈی آئی جی آپریشنز، اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ تھانہ شمس کالونی اور تھانہ ویسٹریج کی حدود کا فوری اور واضح تعین کیا جائے، متاثرہ علاقوں میں پولیس گشت کو یقینی بنایا جائے، وارداتوں میں ملوث عناصر کے خلاف فوری کریک ڈاؤن شروع کیا جائے اور مقتول نوجوان کے قتل کی شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کر کے ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر پولیس کی یہی روش برقرار رہی تو جرائم میں مزید اضافہ ہوگا اور عوام کا ریاستی اداروں پر اعتماد متزلزل ہو جائے گا۔
Recover your password.
A password will be e-mailed to you.