اگر دشمن یہ سمجھے کہ پاکستان کمزور ہے،جواب نہیں دے گا، تو وہ سخت غلطی پر ہے: آرمی چیف
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہاہے کہ دشمن اگر یہ سمجھے کہ پاکستان خودمختاری پر حملہ برداشت کرے گا تو یہ خطرناک غلط فہمی ہوگی، ہم اپنی قومی طاقت میں مسلسل اضافہ کر رہے ہیں، اگر دشمن یہ سمجھے کہ پاکستان کمزور ہے،جواب نہیں دے گا، تو وہ سخت غلطی پر ہے، اگر دشمن نے خودمختاری کو چیلنج کیا تو نتائج کی ذمہ داری اسی پر ہوگی، خودمختاری اور قومی مفادات کے دفاع میں کسی قسم کی جھجک نہیں دکھائیں گے،بھارت جسے ’’دہشت گردی‘‘ کہتا ہے وہ آزادی کی ایک جائز اور قانونی جدوجہد ہے، کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو بین الاقوامی قوانین بھی تسلیم کرتے ہیں۔
آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے 123ویں مڈشپ مین اور 31ویں شارٹ سروس کمیشن (SSC) کورس کی کمیشننگ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میری ٹائم واریئرز کی شاندار پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کرنا میرے لیے اعزاز ہے، آج کی پریڈ میں کیڈیٹس کا مثالی ٹرن آؤٹ اور پرجوش انداز پاکستان نیول اکیڈمی کے اعلیٰ معیار کا مظہر ہے، کامیاب کیڈیٹس کے پُر اعتماد انداز میں ہماری قوم کی امیدیں اور توقعات سمٹ آئی ہیں، ایوارڈ جیتنے والے کیڈٹس اپنی شاندار کامیابیوں پر خصوصی تعریف کے مستحق ہیں، میں دوست ممالک ترکی، بحرین، عراق، فلسطین اور جبوتی کے کیڈٹس کو تربیت مکمل کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاس آؤٹ ہونے والے مڈ شپ مین اور کیڈٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ پاک بحریہ کا حصہ بننے جا رہے ہیں، جس کی پہچان اعلی عسکری اخلاقیات، غیر معمولی مہارت اور بے مثال پیشہ ورانہ روایات ہیں، میں آپ کو تلقین کرتا ہوں کہ اپنی آپریشنل صلاحیتوں کو مزید بہتر اور مضبوط بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھیں، بحری جنگ کا میدان تیزی سے تبدیل ہو رہا ہےاور ہمیں اس سے ہم آہنگ ہونا ہوگا، پاکستان کے لیے ایک مضبوط اور موثر میری ٹائم فورس برقرار رکھنا ناگزیر ہو چکا ہے،۔