سری لنکا کو شکست، فخر زمان کی شاندار سنچری، پاکستان نے سہ ملکی سیریز جیت لی
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں سہ فریقی سیریز کے فائنل میں پاکستان نے سری لنکا کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔

پاکستان نے نہ صرف ون ڈے فائنل میں سب سے بڑے ہدف کے تعاقب کا ریکارڈ برابر کر دیا۔ بلکہ 16 سال بعد تین ملکی ون ڈے سیریز میں کامیابی بھی حاصل کر لی۔
اس سے قبل بھارت نے 2002 میں انگلینڈ کیخلاف چیمپئنز ٹرافی فائنل میں 326 رنز کا ہدف حاصل کیا تھا۔ اور پاکستان نے آخری مرتبہ 2008 میں بھارت، بنگلا دیش کیخلاف سیریز جیتی تھی۔
سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 325 رنز بنائے۔ کامندو مینڈس نے 128 گیندوں پر 131 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 12 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ یہ ان کی پہلی ون ڈے انٹرنیشنل سنچری ہے۔
پاکستان نے 326 رنز ہدف کے تعاقب میں 49ویں اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 331 رنز بنا کر سہ فریقی سیریز کا فائنل جیت لیا۔
اوپنر بلے باز فخر زمان نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 99 گیندوں پر 127 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ جبکہ سعد بیگ 11 چوکوں کی مدد سے 74 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔
عرفات منہاس نے 4 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 61 رنز بنائے اور حسن نواز 37 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ کپتان شاہین شاہ آفریدی نے چھکا لگا کر میچ وننگ شارٹ کھیلی۔



