سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ نے آل پاکستان بین الصوبائی انٹر پولیس ہاکی چیمپئن شپ کے انعقاد کا اعلان کردیا ہے، جس میں پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر پولیس کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔
کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے تعاون سے منعقد ہونے والی چیمپئن شپ کا آغاز ہفتے سے ہوگا، جبکہ فائنل 8 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ مقابلوں کا انعقاد اولمپیئن حنیف خان اور ڈاکٹر جنید علی شاہ کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس میں ہوگا۔
چیمپئن شپ کی آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین سندھ اسپورٹس بورڈ کے سربراہ اور ڈی آئی جی ٹریفک سید پیر محمد شاہ ہوں گے۔ کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکریٹری اولمپئن حنیف خان اور سعید آرائیں ڈپٹی چیئرمین کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
اولمپئن وسیم فیروز ٹورنامنٹ ڈائریکٹر جبکہ ڈاکٹر ایس اے ماجد اسسٹنٹ ڈائریکٹر ہوں گے۔ سندھ ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکریٹری اکبر علی قائم خانی آرگنائزنگ سیکریٹری اور جاوید اقبال ڈپٹی آرگنائزنگ سیکریٹری مقرر کیے گئے ہیں۔
ٹورنامنٹ کے دیگر انتظامی اور تکنیکی امور کے لیے بھی مختلف عہدیداروں کی ذمہ داریاں مقرر کردی گئی ہیں۔ ذوالفقار حسین امپائرز منیجر ہوں گے، جبکہ محمد فیضان، مزمل حسین، امتیاز الحسن، علی جعفری، محمد راشد، شاکر علی، اسد ظہیر، عروج خان اور ڈاکٹر قمر ٹیکنیکل آفیشلز کے فرائض انجام دیں گے۔
محمد عرفان، فہد علی، رضوان خان، شہباز احمد اور ندیم سلطان امپائرنگ کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ اعجاز الدین چیئرمین جیوری آف پینل جبکہ گلفراز احمد خان، شعیب رفعت، عبد الخالق اور شاہ رخ شیخ جیوری آف اپیل کے ارکان ہوں گے۔