نیوزی لینڈ کے سابق کپتان کین ولیمسن نے فوری طور پر بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے ساتھ ہی ان کے 16 سالہ کامیاب عالمی کیریئر کا اختتام ہو گیا۔ وہ انگلینڈ کے خلاف جاری سیریز کے باقی دو میچز میں بھی شرکت نہیں کریں گے۔
کابینہ نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی منظوری دیدی
35 سالہ ولیمسن اس وقت انگلینڈ کے خلاف جاری تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے نیوزی لینڈ کے اسکواڈ کا حصہ تھے۔
اپنے بیان میں کین ولیمسن نے کہا کہ وہ کافی عرصے سے اس فیصلے پر غور کر رہے تھے، تاہم حالیہ دنوں میں انہیں محسوس ہوا کہ بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہنے کے لیے یہی مناسب وقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی نمائندگی کرنا ان کے لیے ہمیشہ اعزاز کی بات رہی اور وہ ہر میچ میں اپنی بھرپور صلاحیتوں کے ساتھ میدان میں اترے۔
کین ولیمسن نیوزی لینڈ کی ٹیسٹ تاریخ کے کامیاب ترین بلے باز کے طور پر ریٹائر ہوئے ہیں۔ انہوں نے 110 ٹیسٹ میچوں میں 9515 رنز بنائے، جبکہ ایک روزہ کرکٹ میں 7256 اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 2575 رنز اسکور کیے۔
ان کے کیریئر کی سب سے بڑی کامیابی 2021 میں نیوزی لینڈ کو پہلی مرتبہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا ٹائٹل دلوانا تھی۔ بطور کپتان بھی ولیمسن نے ٹیم کو متعدد عالمی مقابلوں کے فائنلز اور سیمی فائنلز تک پہنچایا۔
نیوزی لینڈ کے ہیڈ کوچ روب والٹر نے انہیں نہ صرف ایک عظیم کھلاڑی بلکہ ایک مثالی قائد اور کرکٹ کا بہترین سفیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات اور اثرات طویل عرصے تک نیوزی لینڈ کرکٹ کا حصہ رہیں گے۔