پاکستان کی سینئر اداکارہ فرح نادر نے پاکستانی اداکاروں کی آمدنی اور معاوضوں سے متعلق اہم انکشافات کیے ہیں۔

فرح نادر نے حال ہی میں نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے شوبز انڈسٹری کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی۔ میزبان وصی شاہ کے سوال پر اداکارہ نے انڈسٹری کے مالی معاملات پر بھی روشنی ڈالی اور بتایا کہ اس شعبے سے وابستہ افراد کتنی آمدنی حاصل کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اداکار واقعی بھاری معاوضے حاصل کرتے ہیں، اگر ایک عام شخص ایک ماہ میں ایک لاکھ روپے کماتا ہے تو ایک اداکار تقریباً اتنی رقم 10 دن میں کما لیتا ہے۔
فرح نادر نے بتایا کہ مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار اور اداکارائیں اس سے کہیں زیادہ معاوضہ وصول کرتے ہیں۔ ان کے مطابق مرکزی اداکار یا اداکارہ باآسانی ایک ڈرامے کا 15 سے 20 لاکھ روپے معاوضہ حاصل کرلیتے ہیں، جبکہ کئی مواقع پر یہ رقم 30 سے 40 لاکھ روپے تک بھی پہنچ جاتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر پروڈیوسرز وقت پر معاوضہ ادا کریں تو شوبز ایسا شعبہ ہے جہاں آمدنی خاصی زیادہ ہوسکتی ہے۔
یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ فرح نادر نے خود کسی اداکار کا نام نہیں لیا، بلکہ پروگرام میں موجود خاتون میزبان نے ہمایوں سعید، فہد مصطفیٰ، فیروز خان، احسن خان، اقرا عزیز، سجل علی اور ہانیہ عامر کے نام لیے۔
واضح رہے کہ فرح نادر نے اپنے کیریئر کا آغاز کلاسک ڈرامے ’خدا کی بستی‘ سے کیا تھا۔



