گوگل میپس میں نیا فیچر متعارف کرانے کی تیاری
اینڈرائیڈ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق گوگل میپس میں ہائی وزیبلٹی میپ سٹائل نامی فیچر کی آزمائش جاری ہے، جس کے ذریعے لائٹ اور ڈارک دونوں تھیمز میں نقشے کی رنگوں کی اسکیم تبدیل کی جا سکے گی۔

رپورٹ کے مطابق لائٹ موڈ میں اس فیچر کو فعال کرنے پر نقشے میں موجود سبز علاقوں اور پودوں کا چمکدار سبز رنگ گہرا اور مدھم ہو جائے گا، جبکہ صارف کی موجودہ لوکیشن ظاہر کرنے والا نیلا نشان جامنی رنگ میں تبدیل ہو جائے گا۔ اس تبدیلی سے نقشہ پہلے کے مقابلے میں زیادہ واضح اور منظم دکھائی دے گا۔
اسی طرح ڈارک موڈ میں بھی رنگوں کی سکیم تبدیل ہو جائے گی، نقشے کا عام نیلا پس منظر تقریباً سیاہ رنگ میں بدل جائے گا، جبکہ چمکدار نیلے رنگ کی جگہ جامنی رنگ نمایاں ہوگا۔ آبی ذخائر اور سبز علاقے بھی گہرے رنگوں میں دکھائی دیں گے، تاہم سڑکوں اور مختلف مقامات کے نام واضح رہیں گے تاکہ صارفین کو راستوں کی شناخت میں آسانی ہو۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نئے فیچر کے تحت تبدیلیاں صرف نقشے کے رنگوں تک محدود رہیں گی، نیویگیشن کنٹرولز، ٹرن بائی ٹرن ہدایات اور سکرین کے نچلے حصے میں موجود معلوماتی پینل پہلے کی طرح برقرار رہیں گے۔
واضح رہے کہ ہائی وزیبلٹی میپ سٹائل فی الحال آزمائشی مراحل میں ہے اور گوگل کی جانب سے اس فیچر کے باضابطہ اجرا کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔


