وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کا قیام ریاست اور عوام دونوں کی ضرورت ہے، اس معاملے پر ہمارے مؤقف کو کسی صورت کمزوری نہ سمجھا جائے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام فیصلہ کرچکے ہیں کہ انہیں اپنے علاقوں میں چھوٹے انتظامی یونٹس کی ضرورت ہے۔
مولانا فضل الرحمان کا گھر، گاڑی اور بیٹا پولیس کی تحویل میں ہیں: کامران مرتضیٰ
انہوں نے کہا کہ کوٹا سسٹم اور شہری مسائل کے حوالے سے بھی ہمارے پاس کوئی اختیار نہیں ہے۔ گزشتہ دس سال سے یونیورسٹی روڈ تعمیر نہ کرنے والوں کے خلاف بھی ہم کچھ نہیں کرسکتے۔
وفاقی وزیر صحت نے سوال اٹھایا کہ 27ویں آئینی ترمیم پر قومی اسمبلی میں کتنے دن اور کتنے گھنٹے بحث کی گئی؟
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تمام کام پاکستانی طریقے سے ہوتے ہیں، اس لیے جب ہماری باری آئے تو ہمیں برطانوی جمہوریت کے اصول نہ سکھائے جائیں۔ انتظامی یونٹس کے قیام کا معاملہ بھی پاکستانی طریقہ کار کے مطابق آگے بڑھایا جائے گا۔
سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام کے معاملے پر حکومتی شخصیات کے بیانات بھی سامنے آرہے ہیں۔ وزیراعظم کی جماعت کے رہنما خواجہ آصف بھی کھل کر نئے صوبوں کے قیام کی بات کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ احسن اقبال بھی اس معاملے پر اپنا مؤقف واضح کرچکے ہیں، جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات نے بھی نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی حمایت کی ہے۔
وفاقی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر سیاسی بیانات کا سلسلہ ابھی جاری ہے، جبکہ حتمی بات فیصلہ کن مرحلے پر ہوگی۔


