چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، جس کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ بھی الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران عطاء اللہ تارڑ کے وکیل سجیل سواتی نے مؤقف اختیار کیا کہ دورے کا مقصد ذاتی نوعیت کا تھا اور اس کا انتخابی مہم سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ وہ وکیل کی ذاتی دعوت پر وہاں گئے تھے جبکہ متعلقہ تقریب میں امیدوار بھی موجود نہیں تھا۔
وزیراعظم کو موقع نہیں دیا گیا، عوامی مسائل پر فوکس کریں: بلاول بھٹو
عطاء اللہ تارڑ کے وکیل نے کہا کہ ہم الیکشن کمیشن کا بہت احترام کرتے ہیں اور ذمہ دار اراکین پارلیمنٹ ہیں۔ ایسا کوئی اقدام نہیں کر سکتے جو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہو۔ اس معاملے پر تحریری جواب بھی جمع کروا چکے ہیں اور غیر مشروط معذرت کرتے ہوئے خود کو کمیشن کے رحم و کرم پر چھوڑتے ہیں۔
اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے کہ آپ بے شک وکیل کی دعوت پر گئے تھے، لیکن آپ وفاقی وزیر بھی ہیں۔
سماعت مکمل ہونے کے بعد الیکشن کمیشن نے کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔
الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ نئے صوبوں کی تشکیل کے حوالے سے ہمارا مؤقف بالکل واضح ہے۔ اس معاملے پر عوامی رائے لی جانی چاہیے اور اگر عوام کی خواہش ہو تو نئے صوبے بننے چاہئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ روز صدر مملکت اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں مختلف معاملات پر بات چیت اور افہام و تفہیم کے ساتھ آگے بڑھنے پر اتفاق کیا گیا۔
عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ ریفرنڈم سے متعلق آئینی شق واضح ہے اور قومی اہمیت کے کسی بھی بڑے معاملے پر ریفرنڈم کرایا جا سکتا ہے۔ اس معاملے پر عوامی رائے بھی لی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ عوام کی رائے سامنے آنی چاہیے اور جب عوامی رائے سامنے آئے گی تو اس کے بعد آئندہ کا فیصلہ کیا جائے گا۔



