جی ٹی اے سکس: ویڈیو گیمز شائقین کا طویل انتظار ختم
*ویڈیو گیمز کے شائقین کا طویل انتظار ختم ہو گیا، معروف کمپنی راک اسٹار گیمز نے ایکشن ایڈونچر گیم سیریز کا چھٹا حصہ جی ٹی اے سکس لانچ کر دیا۔*

روئٹرز کے مطابق 13 برس کے طویل انتظار کے بعد ویڈیو گیم ’’گرینڈ تھیفٹ آٹو 6‘‘ (Grand Theft Auto VI) جمعرات کو دنیا بھر میں مرحلہ وار جاری ہونا شروع ہو گئی۔
اس کی پیداواری لاگت پر ایک ارب ڈالر یا اس سے زیادہ کا تخمینہ لگایا گیا ہے، تاریخ میں سب سے زیادہ انتظار کی جانے والی ویڈیو گیم کی ریلیز کو ابتدائی جائزوں میں غیر معمولی پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔
یہ گیم پلے اسٹیشن فائیو اور ایکس باکس پر دستیاب ہے، عالمی شیڈول کے مطابق اس کی پہلی لانچ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں ہوئی۔ راک اسٹار گیمز کے مطابق گیم کے مرکزی کردار جیسن اور لوشیا ہیں، جن کے گرد کہانی گھومتی ہے۔
گیم کا مرکزی مقام وائس سٹی ہے، جو امریکی شہر میامی سے متاثر ہے، جی ٹی اے سکس میں جدید گرافکس اور حقیقت سے قریب تر ماحول پیش کیا گیا ہے، گیم کے پی سی ورژن کی ریلیز کی تاریخ کا تاحال اعلان نہیں کیا گیا۔
یہ گیم اپنے ڈویلپر، ٹیک ٹو انٹرایکٹو کے لیے اربوں ڈالر کی آمدنی کا ذریعہ بن سکتی ہے۔ اسے تیار کرنے والے اسٹوڈیو راک اسٹار گیمز کی اس گیم نے میٹا کرٹک کی تاریخ کی بہترین ویڈیو گیمز کی درجہ بندی میں 99 اسکور کے ساتھ تیزی سے سرفہرست مقام حاصل کر لیا ہے۔ اس اسکور تک اب تک صرف ایک اور گیم پہنچی ہے، جو نینٹینڈو کی 1998 کی کلاسک گیم ’’دی لیجنڈ آف زیلڈا: اوکارینا آف ٹائم‘‘ ہے۔
سڈنی سے تعلق رکھنے والے 33 سالہ گیمر آصف میر نے آدھی رات کے کچھ ہی دیر بعد اپنے گیمنگ روم میں کھیلنا اور براہِ راست نشریات شروع کرتے ہوئے کہا ’’جی ٹی اے 6 نے تو دھوم مچا دی ہے۔ یہ اب تک بنائی جانے والی بہترین گیم ہے، اور ہمیں اسے کھیلتے ہوئے ابھی صرف 20 منٹ ہوئے ہیں۔‘‘
نیوزی لینڈ میں رات کے بارہ بجتے ہی یہ گیم آن لائن دستیاب ہو گئی، جب کہ جمعرات کے دوران دنیا بھر میں مختلف مقامات پر مقامی وقت کے مطابق اس کی ریلیز کا سلسلہ جاری رہنا ہے۔
لاکھوں کھلاڑی پہلے ہی یہ گیم اپنے گیمنگ کنسولز پر ڈاؤن لوڈ کر چکے ہیں۔ توقع ہے کہ بہت سے لوگ اسے کھیلنے کے لیے ملازمت سے چھٹی لیں گے یا بیماری کا بہانہ کرکے کام پر نہیں جائیں گے۔ یہ اس سلسلے کی تازہ ترین گیم ہے جو 1997 میں اپنے آغاز کے بعد سے اب تک کی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی ویڈیو گیم سیریز میں سے ایک بن چکی ہے۔
گیم کے ابتدائی طور پر انتہائی مثبت جائزوں نے ٹیک ٹو انٹرایکٹو کے امریکی حصص کی قیمت میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔



