اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس کے موقع پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں مختلف علاقائی اور بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہان سے الگ الگ اہم ملاقاتیں کیں۔

ان ملاقاتوں میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل اسماعیل اولد شیخ احمد، کانفرنس آن انٹرایکشن اینڈ کانفیڈنس بلڈنگ میژرز اِن ایشیا (سیکا) کے سیکرٹری جنرل سفیر سلطان حاجیف اور اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر اسد مجید خان شامل تھے۔
ملاقاتوں کے دوران علاقائی امن و استحکام، کثیرالجہتی تعاون، اقتصادی روابط کے فروغ، باہمی دلچسپی کے امور اور مشترکہ اہداف کے حصول سے متعلق مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر رہنماؤں نے علاقائی تعاون کو مزید مؤثر بنانے اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی رابطوں اور مشترکہ اقدامات کی اہمیت پر بھی گفتگو کی۔
او آئی سی کو مسلم امہ کی مؤثر آواز بنانے کے عزم کا اعادہ
پاکستانی شہر دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں شامل، ملتان سرفہرست
وزارت خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل اسماعیل اولد شیخ احمد کو عہدہ سنبھالنے کے بعد اسلام آباد کے پہلے دورے پر خوش آمدید کہا۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان او آئی سی کو مسلم امہ کی متحد، مضبوط اور مؤثر آواز بنانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔
انہوں نے تنظیم کے بنیادی مقاصد، ترجیحات اور مشترکہ اہداف کے فروغ کے لیے پاکستان کی جانب سے مسلسل حمایت اور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
اسحاق ڈار نے زور دیا کہ مسلم ممالک کے درمیان اتحاد، باہمی تعاون اور مشترکہ حکمت عملی وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ او آئی سی اس حوالے سے اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
فلسطین اور کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کی حمایت برقرار رکھنے کا اعلان
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ فلسطین اور جموں و کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کی حمایت پاکستان کی مستقل پالیسی کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ان دونوں دیرینہ مسائل کے منصفانہ حل اور متعلقہ عوام کے حقوق کی حمایت جاری رکھے گا۔
علاقائی امن اور اقتصادی تعاون پر بھی تبادلہ خیال
اسحاق ڈار کی سیکا کے سیکرٹری جنرل سفیر سلطان حاجیف اور ای سی او کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر اسد مجید خان سے ہونے والی ملاقاتوں میں علاقائی تعاون، اقتصادی روابط کے فروغ اور کثیرالجہتی سفارت کاری کو مزید مستحکم بنانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ان ملاقاتوں کا مقصد علاقائی تنظیموں کے درمیان روابط کو مضبوط بنانا، مشترکہ ترجیحات کو آگے بڑھانا اور رکن ممالک کے درمیان تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنا تھا۔
پاکستان نے ان ملاقاتوں کے ذریعے ایک بار پھر علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر فعال سفارتی کردار ادا کرنے اور مسلم دنیا سمیت خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔



