پنجاب میں گندم کی کاشت کا ہدف ایک کروڑ 65 لاکھ ایکڑ مقرر، کسانوں کے لیے 4500 روپے فی من مجوزہ قیمت کا اعلان
وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہا ہے کہ صوبے میں رواں سیزن کے دوران گندم کی کاشت کا ہدف ایک کروڑ 65 لاکھ ایکڑ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ گندم کی مجوزہ قیمت 4500 روپے فی من رکھی گئی ہے۔

راولپنڈی میں کمشنر آفس میں وزیر زراعت کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکرٹری زراعت پنجاب شکیل احمد میاں، ارکان اسمبلی، ڈپٹی کمشنرز، محکمہ زراعت کے افسران اور کاشتکاروں نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید عاشق حسین کرمانی نے بتایا کہ راولپنڈی ڈویژن میں 16 لاکھ ایکڑ رقبے پر گندم کاشت کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ فیلڈ فارمیشنز کو مقررہ اہداف سے زائد رقبے پر کاشت یقینی بنانے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تصدیق شدہ بیج کے فروغ کے لیے 32 کروڑ روپے کی سبسڈی دی جا رہی ہے، جس کے تحت پنجاب سیڈ کارپوریشن کا تصدیق شدہ بیج 800 روپے کی سبسڈی کے بعد 7 ہزار روپے فی بیگ میں دستیاب ہے۔
وزیر زراعت کے مطابق 50 لاکھ ایکڑ رقبے کے لیے ڈی اے پی کھاد کی خریداری پر 17 ارب روپے کا اضافی بلاسود قرض فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ کسان کارڈ کے ذریعے فی ایکڑ 3500 روپے اضافی بلاسود قرض کی سہولت بھی دی جا رہی ہے، جس سے تقریباً 10 لاکھ کاشتکار مستفید ہوں گے۔
سیکرٹری زراعت پنجاب شکیل احمد میاں نے بتایا کہ خطہ پوٹھوہار میں ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پلان پر عمل درآمد جاری ہے اور گندم کی کاشت مہم کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مقررہ اہداف کے حصول کے لیے ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کے عملی تعاون کو ناگزیر قرار دیا۔



