کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ اس وقت نئے صوبے بنانے کے حق میں کوئی اکثریت موجود نہیں ہے۔

جام چاکرو میں جدید لینڈ فل سائٹ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ منصوبہ کراچی کو صاف رکھنے کے لیے شروع کیا گیا ہے۔ جام چاکرو لینڈ فل سائٹ پر مجموعی طور پر پانچ جدید سیل تعمیر کیے جا رہے ہیں، جن کی تعمیر دسمبر تک مکمل کر لی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس لینڈ فل سائٹ پر کراچی کے کچرے کو سائنسی اور منظم طریقے سے ٹھکانے لگایا جائے گا، جبکہ جدید ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے ماحولیاتی مسائل اور تعفن کے خاتمے میں بھی مدد ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر کے دیگر اضلاع میں بھی عالمی معیار کے ویسٹ ڈسپوزل پوائنٹس قائم کیے جائیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں مراد علی شاہ نے کہا کہ گورنر راج آئینی ضرور ہے، لیکن جمہوری نہیں۔ کوئی نہیں چاہتا کہ صوبے کی منتخب حکومت کو ہٹایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کا سب سے بڑا مسئلہ دہشت گردی ہے۔ جب ملک میں دہشت گردی ہو رہی ہو اور صوبے کارروائی کرنے سے منع کریں تو ایسے میں کیا کہا جا سکتا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ایک بار پھر واضح کیا کہ نئے صوبے بنانے کے لیے اس وقت کوئی اکثریت موجود نہیں ہے۔
میر رضا کیس سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ اس معاملے پر کابینہ نے جوڈیشل کمیشن بنانے کی ہدایت کی تھی۔ اب کابینہ ہی کمیشن کی رپورٹ کا بند لفافہ کھولنے کے بعد اس حوالے سے فیصلہ کرے گی۔



