راولپنڈی: پنجاب حکومت نے حنا جاوید قتل کیس کی تحقیقات کے لیے ہائی پاورڈ کمیٹی تشکیل دے دی۔

ذرائع کے مطابق ہائی پاورڈ کمیٹی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے تشکیل دی ہے، جس کی سربراہی ڈی جی سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ کریں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ کمیٹی میں ڈی آئی جی لاہور شعیب خرم اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن راولپنڈی سیف اللہ بھی شامل ہیں۔ ہائی پاورڈ کمیٹی حنا جاوید قتل کیس کی تفتیش کا ازسرنو جائزہ لے گی اور سہیل ظفر چٹھہ کی سربراہی میں رواں ہفتے راولپنڈی کا دورہ کرے گی۔
خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی لگے تو بالکل لگنی چاہیے اور لگےگی بھی، ایمرجنسی کے اطلاق پر آئین بہت واضح ہے: اعظم نذیر تارڑ
ذرائع کا کہنا ہے کہ اعلیٰ سطح کی کمیٹی جائے وقوعہ کا دورہ کرے گی اور اب تک ہونے والی تفتیش کا جائزہ لے گی۔ حنا جاوید قتل کیس کے فارنزک نمونوں کی رپورٹس بھی راولپنڈی پولیس کو موصول ہوگئی ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ فارنزک رپورٹس میں پوسٹ مارٹم رپورٹ کی حتمی رپورٹ بھی شامل ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے تشکیل دی گئی ہائی پاورڈ کمیٹی نے حنا جاوید کے اہلخانہ سے بھی رابطہ کرلیا ہے۔
خیال رہے کہ حنا جاوید کو 21 اگست کو ان کے گھر میں مبینہ طور پر بہیمانہ طریقے سے قتل کیا گیا تھا۔ قتل کیس میں مقتولہ کا شوہر فیصل اصغر اور گھریلو ملازم ذیشان ارشد جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل میں ہیں۔
مقتولہ کے اہلخانہ نے راولپنڈی پولیس کی تفتیش پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ حنا جاوید کے اہلخانہ نے پارلیمنٹ کی کاکس کمیٹی اور قومی کمیشن برائے انسانی حقوق کو بھی خطوط لکھے ہیں۔



