*بناسپتی کمپنیوں کو پورٹ قاسم میں سرمایہ کاری کی دعوت*

وفاقی وزیر بحری امور جنید انور چوہدری نے بناسپتی اور خوردنی تیل تیار کرنے والی کمپنیوں کو پورٹ قاسم میں سرمایہ کاری کی دعوت دے دی۔
پاکستان بناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (PVMA) سے خطاب میں انہوں نے پورٹ قاسم میں ’’ایڈیبل آئل سٹی‘‘ کے قیام کے لیے سرمایہ کاری کی پیشکش کی۔
وزیر نے کہا کہ حکومت پورٹ قاسم پر مجوزہ صنعتی زون میں ہر ممکن سہولت اور انفرااسٹرکچر فراہم کرے گی۔ خوردنی تیل کی صنعت ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور درآمدات سے کسٹمز ڈیوٹی و سیلز ٹیکس کی مد میں نمایاں آمدن حاصل ہوتی ہے۔
ان کے مطابق حکومت پورٹ قاسم پر صنعتی و تجارتی زونز قائم کر رہی ہے جن کا مقصد سرمایہ کاری، مقامی مینوفیکچرنگ اور برآمدات میں اضافہ ہے۔
– 150 ایکڑ پر آٹوموٹیو پروسیسنگ زون
– 250 ایکڑ پر اپیرل زون، جس کے پہلے مرحلے سے 1 لاکھ 38 ہزار نوکریاں اور سالانہ 2.2 ارب ڈالر برآمدات متوقع ہیں
پانی کی قلت کے حل کے لیے سمندری پانی کو قابل استعمال بنانے کا پلانٹ لگانے کی تجویز بھی دی گئی، جس میں PVMA کو شرکت کی دعوت دی گئی۔
جنید انور چوہدری نے کہا کہ پورٹ قاسم پر زمین کے مسائل حکومت کے علم میں ہیں اور قابل عمل منصوبے پیش کرنے والوں کو زمین الاٹ کی جائے گی تاکہ بندرگاہ کو صنعتی و تجارتی مرکز بنایا جا سکے۔



