*این اے 168 بہاولپور میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ جاری*

بہاولپور: این اے 168 بہاولپور 5 میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ شروع ہو گئی ہے، شہری حق رائے دہی استعمال کرنے کے لیے پولنگ اسٹیشنز پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔
پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی۔ حلقے میں 20 امیدوار میدان میں ہیں، اصل مقابلہ ن لیگ کے ملک منیر اقبال چنڑ اور آزاد امیدوار ولی داد چیمہ کے درمیان متوقع ہے۔
حلقے کے 292 پولنگ اسٹیشنز پر 3022 پولیس افسران و جوان تعینات ہیں۔ 16 پولنگ اسٹیشنز کو حساس ترین اے کیٹگری، 87 کو بی اور 189 کو سی کیٹگری میں رکھا گیا ہے۔
یہ نشست ن لیگ کے ایم این اے ملک محمد اقبال چنڑ کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔ ن لیگ نے ان کے صاحبزادے منیر اقبال چنڑ کو ٹکٹ دیا ہے جبکہ سابق وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ کے صاحبزادے ولی داد چیمہ آزاد حیثیت سے حصہ لے رہے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق حلقے میں 4 لاکھ 83 ہزار 143 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں۔



