(ویب ڈیسک) : کراچی: کراچی سے جدہ پہنچنے والی پی آئی اے کی پرواز کے طیارے میں دوران پارکنگ انجن نمبر 2 میں آگ کی اطلاع ملنے پر مسافروں نے ہنگامی اخراج کیا، تاہم پی آئی اے ترجمان نے طیارے میں آگ لگنے کی تردید کردی۔
ذرائع کے مطابق ایئربس طیارہ جدہ ایئرپورٹ کے پارکنگ اسٹینڈ پر پارک کیا جارہا تھا کہ اس دوران انجن میں آگ لگنے کی اطلاع پر پائلٹ نے ہنگامی انخلا کا عمل شروع کیا۔
اقوام متحدہ نے مریم نواز کو ‘اپنی چھت اپنا گھر’ کامیاب منصوبے پر ایوارڈ کیلئے نامزد کیا ہے: عظمیٰ بخاری
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسافروں کو ہنگامی اخراج کے راستوں سے سلائیڈز کھول کر بحفاظت باہر نکال لیا گیا، تاہم اس دوران چند مسافروں کو معمولی چوٹیں آئیں۔ مسافروں کو طبی معائنے اور علاج کے لیے جدہ ایئرپورٹ کے کلینک منتقل کیا گیا۔
جدہ ایئرپورٹ کے فائر شعبے کے حکام بھی فوری طور پر فائر بریگیڈ کے ہمراہ طیارے کے پاس پہنچے، جہاں پی آئی اے جدہ حکام نے ایئرپورٹ کے تمام حکام اور سکیورٹی ڈپارٹمنٹ کو فوری طور پر مطلع کیا، جبکہ جدہ ایئرپورٹ حکام نے پی آئی اے کے عملے سے معاملے کے بارے میں پوچھ گچھ بھی کی۔
دوسری جانب ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ طیارے نے جدہ ایئرپورٹ پر معمول کے مطابق لینڈنگ کی تھی اور طیارہ جیٹی پر لگا ہوا تھا کہ اس دوران گراؤنڈ اسٹاف نے طیارے کے ایک انجن میں آگ کا شبہ ظاہر کیا۔ پائلٹ نے ایس او پی کے تحت مسافروں کو باہر نکالنے کے لیے طیارے کی ایمرجنسی سلائیڈز کھولیں۔
ترجمان نے کہا کہ کچھ مسافر جیٹی کے ذریعے طیارے سے باہر آئے، جبکہ باقی مسافروں کو ایمرجنسی سلائیڈز کے ذریعے طیارے سے باہر نکالا گیا۔ کارروائی کے دوران کوئی مسافر زخمی نہیں ہوا اور تمام مسافر محفوظ ہیں۔
پی آئی اے ترجمان کے مطابق طیارے کی تفصیلی جانچ پڑتال کے بعد آگ کا شبہ غلط ثابت ہوا۔ متاثرہ طیارے کی جدہ سے لاہور پرواز 20 سے 22 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوگئی۔ جدہ سے لاہور جانے والی پرواز کے 40 مسافروں کو ہوٹل بھیج دیا گیا، جبکہ باقی مسافر اپنے گھروں کو چلے گئے۔