اسلام آباد(نیوزڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک دشمن جماعت نے 9 مئی کیا، ملک دشمن جماعت عالمی مالیاتی ادارے ( آئی ایم ایف) کے ساتھ پروگرام کو سبوتاژ کرنا چاہتی ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے دفترکے سامنے احتجاج کیا گیا، یہ مٹھی بھر عناصر ہیں، احتجاج کرنے والے خود اتنا ٹیکس دیتے ہیں؟
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کوئی یہ نہ سمجھے وہ پاکستان سے بڑا ہے، ملک دشمن جماعت قوم کو امریکی سازش کا کہتی تھی، اب آئی ایم ایف کو کہہ رہے کہ امداد نہ دی جائے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ انہوں نے آئی ایم ایف کو خط لکھا شوکت ترین کی آڈیو آپ کے سامنے ہے، یہ بانی پی ٹی آئی کی ایما پر سازش ہو رہی ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ان کا خواب ہے کہ خدا نخواستہ ملک ڈیفالٹ کر جائے، آپ پر کرپشن کے کیسز ہیں، آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک نے تو آپ کو رہا نہیں کرنا، عدالتوں میں جائیں عدالتیں آپ کو رہا کریں گے۔
عطا تارڑ نے مزید کہا کہ اس ملک دشمن سرگرمی کا آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات پر کوئی اثر نہیں ہوگا، ہم ان کا مکمل علاج کرنا جانتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پوری دنیا نے وزیرخزانہ کے انتخاب کو بہترین قرار دیا، ہمیں جو ملک ملا اس پر اللہ کا شکر اداکرنا چاہیے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ اسٹاک ایکسچینج میں تیزی آئی، سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا ہے، نئی حکومت کے بعد دوست ممالک مثبت جذبات کا اظہار کر رہے ہیں، اقتدار سنبھالتے ہی معاشی صورتحال میں بہتری آئی۔
عطا تارڑ نے کہا کہ کیا ٹیکس کا نیٹ نہیں بڑھنا چاہیے؟ کیا زیادہ وسائل والوں کو ٹیکس نیٹ میں نہیں آنا چاہیے؟