سندھ حکومت نے یکم جنوری 2027 سے ریٹائر ہونے والے ملازمین کو ریٹائرمنٹ کے دن ہی پنشن اور بنیادی واجبات دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ تمام محکمے زیر التوا پنشن بل 3 ماہ میں کلیئر کریں اور پنشن کے لیے ریٹائرڈ ملازمین کو دفاتر کے چکر نہ لگوانے پڑیں۔ بروقت ادائیگی کے لیے مربوط نظام بنانے اور ضرورت پر قواعد میں ترامیم کی ہدایت بھی کی گئی۔ سیکریٹری سروسز کی سربراہی میں ٹاسک فورس قائم ہوگی اور حتمی فریم ورک ایک ہفتے میں پیش کیا جائے گا۔
اجلاس میں میڈیکل ری ایمبرسمنٹ کلیمز میں تاخیر پر بھی بات ہوئی۔ چیف سیکریٹری نے کہا کہ تاخیر کی وجہ فنڈز نہیں بلکہ انتظامی رکاوٹیں ہیں، اس لیے غیر ضروری کاغذی کارروائی ختم کی جائے۔