پمز اسپتال میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے حکومت سے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
آج علی الصبح پمز اسپتال کے گائنی وارڈ کے آئی سی یو میں آتشزدگی کے واقعے میں 15 نومولود جاں بحق ہوئے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ہنگامی اجلاس طلب کیا اور وفاقی سیکرٹری صحت اسلم غوری کو معطل کرکے عہدے سے برطرف کردیا۔
پمز اسپتال واقعہ: وفاقی سیکرٹری صحت عہدے سے برطرف، وزیراعظم نے اعلیٰ سطح کی انکوائری کمیٹی بنادی
وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے اعلیٰ سطح کی انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دی ہے، جو واقعے کے ذمہ داروں کا تعین کرے گی۔
اس معاملے پر مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ پمز اسپتال میں پیش آنے والے آتشزدگی کے المناک واقعے میں 14 معصوم بچوں کے جاں بحق ہونے کی خبر سن کر ان کا دل انتہائی رنجیدہ ہے، وہ سوگوار والدین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
نواز شریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ متاثرہ خاندانوں کو صبر و استقامت عطا فرمائے۔ حکومت کو چاہیے کہ اس واقعے کے ذمہ داران کا تعین کرے، ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنائے۔