وزیراعظم شہباز شریف سے اعلیٰ سطح کے سعودی کاروباری وفد نے ملاقات کی، جس میں اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ تعاون کے لیے یہ بہترین اور موزوں ترین وقت ہے۔
پیپلز پارٹی اور ن لیگ میں اہم ملاقات، پی پی کا تحفظات دور کرنے کا مطالبہ
وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کرنے والے وفد کی قیادت سعودی پاک مشترکہ بزنس کونسل کے چیئرمین منصور بن محمد آل سعود نے کی۔ وزیراعظم نے خادم الحرمین الشریفین اور سعودی ولی عہد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو اسٹریٹجک اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کا خواہاں ہے۔
شہباز شریف نے امید ظاہر کی کہ سعودی وفد کا دورہ مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کی راہ ہموار کرے گا۔ سعودی وفد نے زراعت، بندرگاہوں، ہوائی اڈوں کی آؤٹ سورسنگ اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
شہزادہ منصور بن محمد آل سعود نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ سعودی وفد اپنے دورے کے دوران اعلیٰ حکومتی نمائندوں اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے بھی ملاقاتیں کرے گا۔