حکمران جماعت مسلم لیگ ن کا مری میں ہونے والا اجلاس ختم ہو گیا ہے، لیکن آزاد جموں و کشمیر کے نئے وزیراعظم کے نام کا فیصلہ آج بھی نہیں ہو سکا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں ن لیگ آزاد جموں و کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ وزارتِ عظمیٰ کے امیدواروں میں شاہ غلام قادر کی پوزیشن سب سے مضبوط بتائی جا رہی ہے، جبکہ طارق فاروق اور کرنل ریٹائرڈ وقار نور بھی اس دوڑ میں شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے پہلے مرحلے میں خواتین کی مخصوص نشستوں پر امیدواروں کے نام فائنل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان نشستوں کے لیے سحرش قمر، مریم کشمیری، ناصرہ خان اور نصارہ عباسی کے نام زیر غور ہیں۔ خواتین کی مخصوص نشستوں پر حتمی فیصلہ نواز شریف کریں گے۔
اوورسیز کشمیریوں کے لیے مختص نشست پر بھی ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا۔ اس نشست کے لیے احسان دانش، عبدالرحمن ارائیں، راجہ وسیم اور جاوید اقبال کے نام زیر غور ہیں۔
ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر کی وزارتِ عظمیٰ کے لیے امیدوار کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔