Gas Leakage Web ad 1

0

*مسلم لیگ ن نے آزاد کشمیر میں حکومت سازی کا لائحہ عمل طے کر لیا، قائدِ ایوان کے نام کا اعلان جلد متوقع*

Gas Leakage Web ad 2

مسلم لیگ ن نے آزاد کشمیر میں آئندہ حکومت کے قیام کے لیے حکمت عملی حتمی کر لی ہے۔ مری میں پارٹی صدر میاں نواز شریف کی زیرِ صدارت ہونے والے اعلیٰ سطح کے مشاورتی اجلاس میں آزاد کشمیر میں حکومت سازی، وزیراعظم کے انتخاب اور دیگر اہم عہدوں کے ناموں پر تفصیلی غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں صدر آزاد کشمیر، وزیراعظم، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر سمیت دیگر اہم عہدوں کے لیے ممکنہ امیدواروں کے نام زیرِ بحث آئے۔ پارلیمانی پارٹی نے وزیراعظم آزاد کشمیر کے انتخاب کا اختیار بھی میاں نواز شریف کو سونپ دیا ہے۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف آئندہ چند روز میں آزاد کشمیر کے قائدِ ایوان کے نام کا اعلان کریں گے۔ صدر آزاد کشمیر کے عہدے کے لیے شاہ غلام قادر اور وزیراعظم کے لیے چوہدری طارق فاروق کو فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔

اجلاس میں حکومت سازی کے لیے دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطوں کے معاملے پر بھی مشاورت ہوئی۔ اس کے علاوہ سینئر وزیر کے عہدے کے لیے زیرِ غور ناموں پر بھی بات چیت کی گئی۔

ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی مخصوص نشستوں کے حوالے سے بھی مشاورت ہوئی۔ خواتین، ٹیکنوکریٹ، اوورسیز پاکستانیوں اور علما کی نشستوں کے لیے موصول ہونے والے نام پارٹی قیادت کی سطح پر زیرِ غور ہیں۔

اجلاس میں طے کیا گیا کہ آزاد کشمیر میں گڈ گورننس، تعمیر و ترقی، روزگار اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو نئی حکومت کی ترجیحات میں شامل کیا جائے گا۔

پارٹی ذرائع کے مطابق نواز شریف نے آزاد کشمیر میں پنجاب کے طرز پر عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے شروع کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں قائدِ ایوان، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب آئندہ ہفتے تک مکمل ہونے کا امکان ہے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.