براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے سے نمس دائی اور سہیل سخی سمیت 10 کوہ پیماؤں کے لاپتا ہونے کا خدشہ
پاکستان کے شمالی علاقہ جات میں واقع دنیا کی 12ویں بلند ترین چوٹی براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے کے نتیجے میں معروف نیپالی کوہ پیما نمس دائی اور پاکستانی کوہ پیما سہیل سخی سمیت تقریباً 10 کوہ پیماؤں کے لاپتا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
الپائن کلب آف پاکستان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جمعرات کو دوپہر کے وقت براڈ پیک پر کوہ پیماؤں کے ایک گروپ پر برفانی تودہ گرا، جس کے بعد سے تمام کوہ پیماؤں سے کئی گھنٹوں سے رابطہ نہیں ہو سکا۔
بورڈ آف پیس نے غزہ میں حماس کے غیر مسلح ہونے کا معاہدہ کرلیا، امریکی صدر ٹرمپ کا اعلان
الپائن کلب کے مطابق متاثرہ ٹیم میں نیپال کے 5 کوہ پیما شامل ہیں جن کی قیادت دنیا کے معروف کوہ پیما نمس دائی کر رہے تھے۔
حادثے کا شکار ہونے والے کوہ پیماؤں میں ہنزہ سے تعلق رکھنے والے پاکستانی کوہ پیما سہیل سخی، عمانی کوہ پیما نذیرہ، امریکی کوہ پیما میلوری گیس، چینی کوہ پیما مسٹر وانگ اور ایک دیگر غیر ملکی کوہ پیما بھی شامل ہیں۔
الپائن کلب آف پاکستان کے صدر میجر جنرل عرفان ارشد اور کلب کی اعلیٰ قیادت سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے لیے حکومتی حکام اور متعلقہ اداروں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
کلب کے مطابق موسم اور آپریشنل صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے جلد از جلد ہیلی کاپٹر اور دیگر امدادی وسائل کو متحرک کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
براڈ پیک بیس کیمپ پر موجود ذرائع نے بھی فوری ہیلی کاپٹر ریسکیو آپریشن شروع کرنے کی اپیل کی ہے۔
الپائن کلب آف پاکستان نے کہا ہے کہ وہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے میں ہے۔ کلب نے لاپتا کوہ پیماؤں کی بحفاظت بازیابی کے لیے دعا کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مزید معلومات موصول ہونے پر آگاہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ براڈ پیک سطح سمندر سے 8 ہزار 47 میٹر بلند دنیا کی 12ویں بلند ترین چوٹی ہے، جو قراقرم کے پہاڑی سلسلے میں کے ٹو کے قریب واقع ہے اور دنیا کی مشکل ترین چوٹیوں میں شمار کی جاتی ہے۔