اسلام آباد: پاکستان نے پاک کویت دفاعی تعاون معاہدے کی کویت کی جانب سے توثیق کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے دونوں برادر ممالک کے دفاعی تعلقات میں اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون کے معاہدے پر 2023 میں دستخط کیے گئے تھے، جبکہ دونوں ممالک نے دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے اور سکیورٹی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
ویسٹ انڈیزکیخلاف پہلاٹیسٹ: 2 پاکستانی کھلاڑی آئی سی سی کوڈآف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کے مرتکب قرار
ترجمان کے مطابق یہ معاہدہ فوجی تربیت، عسکری تعلیم اور دیگر دفاعی شعبوں میں تعاون کے لیے جامع ادارہ جاتی فریم ورک فراہم کرے گا۔ معاہدے کے تحت مشترکہ فوجی مشقوں، مہارتوں کے تبادلے اور دیگر متعلقہ شعبوں میں بھی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ معاہدے سے پاکستان اور کویت کی مسلح افواج کے درمیان ادارہ جاتی روابط مزید مستحکم ہوں گے اور دفاعی تعاون کو فروغ ملے گا۔ دونوں ممالک معاہدے کی شقوں کے مطابق مؤثر عملدرآمد کے لیے قریبی تعاون جاری رکھیں گے۔
ترجمان نے کہا کہ دفاعی تعاون میں توسیع سے باہمی اعتماد، مشترکہ مفادات اور ادارہ جاتی روابط مزید مضبوط ہوں گے، جبکہ پاکستان اور کویت کا دفاعی تعاون علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔