ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کاش پٹیل نے پاکستانی وزیرِ داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کی پاکستان کے ساتھ شراکت داری انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔
کاش پٹیل نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ "ایف بی آئی ہیڈکوارٹرز میں پاکستان کے وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی میزبانی ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے۔ خطے میں امریکی مفادات کے تحفظ کے لیے جاری کوششوں میں ان کے تعاون کو ایف بی آئی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ ملاقات کے دوران دہشت گردی کی مالی معاونت کی روک تھام، سائبر تحقیقات، وسائل کی فراہمی اور خصوصی تربیت سمیت باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کے مطابق امریکا اور پاکستان کے درمیان یہ شراکت داری دونوں ممالک کے لیے اہم ہے، اور انہیں امید ہے کہ مستقبل میں بھی اس تعاون کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔