نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس نے رواں سال کے پہلے چھ ماہ، یکم جنوری 2026 سے 30 جون 2026 تک، کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق ادارے نے موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر محفوظ سفر کی فراہمی، بروقت امداد، قانون پر مؤثر عملدرآمد، روڈ سیفٹی آگاہی اور اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔
رپورٹ کے مطابق اس عرصے کے دوران موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر 8 لاکھ 76 ہزار 625 مسافروں کو دورانِ سفر مختلف نوعیت کی بروقت ایمرجنسی امداد فراہم کی گئی، جبکہ 26 مختلف واقعات میں بروقت طبی امداد فراہم کر کے شہریوں کی قیمتی جانیں بچائی گئیں۔ اسی دوران 39 گاڑیوں میں لگنے والی آگ کو فائر ایکسٹنگوشرز کی مدد سے بجھا کر نہ صرف انسانی جانوں بلکہ قیمتی املاک کو بھی محفوظ بنایا گیا۔
امریکا میں سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ کی صدر ورلڈ بنک اجے بنگا سے ملاقات
ٹول فری ہیلپ لائن 130 کے ذریعے ایک لاکھ 79 ہزار 408 شہریوں کو رہنمائی فراہم کی گئی، جبکہ ایک لاکھ 23 ہزار 256 افراد کی مختلف نوعیت کے مسائل میں معاونت کی گئی۔ مزید برآں 9 ہزار 823 شہریوں کو ہنگامی بنیادوں پر امداد فراہم کی گئی، جبکہ ہیلپ لائن پر موصول ہونے والی 42 ہزار 111 شکایات کا بروقت ازالہ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق پہلے چھ ماہ کے دوران 15 ہزار 679 ڈرائیونگ لائسنس، 43 سی ای کیٹیگری ڈرائیونگ لائسنس اور 528 انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹس جاری کیے گئے۔
روڈ سیفٹی کے فروغ کے لیے ملک بھر میں ایک ہزار 327 آگاہی پروگرام منعقد کیے گئے۔ اس کے علاوہ ٹول پلازوں پر ایک کروڑ 63 لاکھ 61 ہزار 682 شہریوں کو روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی، جبکہ 22 لاکھ 75 ہزار 43 روڈ سیفٹی پیغامات پر مشتمل پمفلٹس اور کتابچے تقسیم کیے گئے۔
موٹروے پولیس نے ایمانداری اور فرض شناسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دورانِ سفر گم ہونے والی قیمتی اشیا بھی اصل مالکان تک پہنچائیں۔ ان اشیا میں دو مختلف واقعات میں سونے کے زیورات، ایک کروڑ 36 لاکھ 17 ہزار روپے مالیت کے سینکڑوں موبائل فون، اہم دستاویزات پر مشتمل 23 بیگز اور 31 پرس شامل تھے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ 25 چوری شدہ اور 22 نان کسٹم پیڈ گاڑیاں برآمد کرکے متعلقہ حکام اور اصل مالکان کے حوالے کی گئیں، جبکہ 115 گمشدہ بچوں کو بحفاظت ان کے والدین سے ملوایا گیا۔ اسی دوران مختلف مقدمات میں مطلوب 54 خطرناک ملزمان کو گرفتار کرکے متعلقہ ضلعی پولیس کے حوالے کیا گیا۔
قومی شاہراہوں پر کارروائیوں کے دوران 4 غیر قانونی اسلحہ، 35 راؤنڈز، 3 میگزین، 21.22 گرام چرس، 26 کلوگرام افیون، 21 کلوگرام کوکین، 2 ہزار 420 لیٹر شراب، 400 کین، 6 کروڑ روپے مالیت کے نان کسٹم پیڈ سگریٹس، 15 لاکھ روپے مالیت کا خشک دودھ اور ایک کروڑ 20 لاکھ روپے مالیت کا نان کسٹم پیڈ کپڑا برآمد کرکے متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کیا گیا۔
اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں میں 532 ٹن گندم اور آٹے کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنائی گئی اور برآمد شدہ گندم و آٹا متعلقہ محکمہ خوراک کے حوالے کیا گیا۔ اسی طرح 2 ہزار 173 کلوگرام مضرِ صحت گوشت برآمد کرکے ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور متعلقہ فوڈ اتھارٹیز کے حوالے کیا گیا، جبکہ اسمگلنگ کی 32 وارداتیں ناکام بنا کر ملزمان کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق 16 ہزار 586.1 میٹر سے زائد چوری شدہ حفاظتی فینسنگ بھی برآمد کرکے ملزمان کو متعلقہ ضلعی پولیس کے حوالے کیا گیا، جبکہ اوور اسپیڈنگ کے خلاف خصوصی مہم کے دوران 817 ڈرائیوروں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔
موٹروے پولیس کی سوشل میڈیا ٹیم اور ایف ایم 95 ریڈیو مسلسل شہریوں کو روڈ سیفٹی، ٹریفک کی صورتحال اور سفری معلومات فراہم کر رہے ہیں، جبکہ عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے ہر ماہ کھلی کچہری کا بھی انعقاد کیا جا رہا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس قانون کی بلاامتیاز عملداری کے ساتھ ساتھ شہریوں کو محفوظ، باوقار اور معیاری سفری سہولیات کی فراہمی کے اپنے عزم پر قائم ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے شب و روز سرگرمِ عمل ہے۔