اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی) نے قادرپور گیس فیلڈ میں اپنی آپریٹنگ پوزیشن مزید مضبوط کرتے ہوئے کوفپیک پاکستان بی وی سے 7.99 فیصد اضافی ورکنگ انٹرسٹ حاصل کر لیا ہے، جس کے بعد کمپنی کا مجموعی حصہ بڑھ کر 82.99 فیصد ہو گیا ہے۔
او جی ڈی سی کے ترجمان کے مطابق یہ حصول فارم اِن معاہدے کے تحت کیا گیا ہے اور حکومت پاکستان کی منظوری کے ساتھ ڈیڈ آف اسائنمنٹ پر دستخط کے بعد منتقلی کا عمل باضابطہ طور پر مکمل کر لیا گیا ہے۔
اے این ایف کی 7 کارروائیاں، 42.77 کلو گرام منشیات برآمد،11 ملزمان گرفتار
تفصیلات کے مطابق پاکستان آن شور پیٹرولیم (ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن) رولز 1986 کے رول 8 اور رول 9 کے تحت کوفپیک پاکستان بی وی کا 7.99 فیصد ورکنگ انٹرسٹ او جی ڈی سی کو منتقل کیا گیا ہے۔
اس حصول کے بعد قادرپور ڈیولپمنٹ اینڈ پروڈکشن لیز (بلاک 2667-1) میں او جی ڈی سی کا ورکنگ انٹرسٹ 75 فیصد سے بڑھ کر 82.99 فیصد ہو گیا ہے، جس سے کمپنی کی ملک کے اہم گیس پیدا کرنے والے فیلڈز میں بطور مرکزی آپریٹر پوزیشن مزید مستحکم ہو گئی ہے۔
او جی ڈی سی نے اس مجوزہ خریداری کا ابتدائی اعلان 23 جنوری 2025 کو کیا تھا، جبکہ تمام قانونی اور انتظامی مراحل مکمل ہونے کے بعد اب اس منتقلی کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔