پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے صارفین کو آن لائن اکاؤنٹس کے تحفظ کے لیے مضبوط اور منفرد پاس ورڈز استعمال کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ ڈیجیٹل دور میں سائبر خطرات سے محفوظ رہنے کے لیے شہری مضبوط پاس ورڈز اپنانے کی عادت ڈالیں اور ایک ہی پاس ورڈ کو متعدد اکاؤنٹس کے لیے استعمال کرنے سے گریز کریں۔
وزیر اعلیٰ پختونخوا کی عمران خان سے ملاقات کی درخواست سننے والا اسلام آباد ہائیکورٹ کا بینچ ٹوٹ گیا
پی ٹی اے کے مطابق صارفین کو دو مرحلہ جاتی تصدیق (Two-Factor Authentication) لازمی طور پر فعال کرنی چاہیے تاکہ اکاؤنٹس کی سیکیورٹی مزید بہتر بنائی جا سکے۔
ہدایت نامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مختصر اور آسان پاس ورڈز سائبر حملوں کے خطرات میں اضافہ کرتے ہیں، اس لیے پاس ورڈز کو پیچیدہ اور منفرد رکھا جائے۔
ایڈوائزری میں واضح کیا گیا ہے کہ نام، تاریخ پیدائش یا آسان نمبرز جیسے 1234 کو پاس ورڈ کے طور پر استعمال نہ کیا جائے، جبکہ ذاتی معلومات کسی صورت پاس ورڈ میں شامل نہ ہوں۔
پی ٹی اے نے مزید کہا ہے کہ صارفین اپنے پاس ورڈز کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں اور انہیں باقاعدگی سے تبدیل کرتے رہیں۔
اعلامیے میں فنگر پرنٹ اور چہرے کی شناخت جیسے بائیومیٹرک سیکیورٹی فیچرز کو ترجیح دینے کی بھی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ کہا گیا ہے کہ مضبوط پاس ورڈ ہی محفوظ ڈیجیٹل مستقبل کی ضمانت ہے۔