وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت محرم الحرام کے دوران سکیورٹی اور دیگر انتظامات کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ سیف سٹی کے تحت مرکزی کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے جبکہ مجالس اور جلوسوں کی حفاظت کے لیے چار درجاتی سکیورٹی حصار قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ محفوظ محرم کے نام سے خصوصی ایپ بھی متعارف کرائی گئی ہے جس کے ذریعے شہری مشتبہ افراد، مشکوک سرگرمیوں یا سکیورٹی میں کسی کمی کی اطلاع دے سکیں گے۔ اس ایپ میں لائیو لوکیشن اور تصاویر شیئر کرنے کی سہولت بھی شامل ہوگی۔
غیر قانونی بھرتی کیس میں پرویز الٰہی اور محمد خان بھٹی سے جواب طلب
وزیر داخلہ نے جلوسوں اور مجالس کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کی ہدایت کی اور جامع ٹریفک پلان پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا۔
محسن نقوی نے ہدایت کی کہ متعلقہ افسران فیلڈ میں موجود رہیں اور اہلکاروں کے لیے کھانے پینے سمیت معیاری انتظامات بروقت فراہم کیے جائیں۔ انہوں نے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے علمائے کرام سے قریبی رابطے کی بھی تاکید کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور اشتعال انگیز مواد کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔