اسلام آباد: روس نے ایک بار پھر ایران امریکا تنازع کے دوران پاکستان کے ثالثی کے کردار کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
پاکستان میں روس کے سفیر البرٹ پی خورئیوف نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ روس ایران امریکا تنازع میں پاکستان کے ثالثی کے کردار کی حمایت کرتا ہے۔
پولیس نے اپنے ہی کانسٹیبل کے ذریعے پنکی کو کیسے پکڑا؟ بڑا انکشاف سامنے آگیا
روسی سفیر نے کہا کہ وہ اس تنازع کے پرامن حل کے لیے ایسے اقدامات کی حمایت کریں گے جو واشنگٹن اور تہران دونوں کے تحفظات کو حل کر سکیں۔
اس کے علاوہ روسی سفیر نے کہا کہ پاکستانی میڈیا میں پاکستان میں روس کی جانب سے مبینہ بھرتیوں سے متعلق رپورٹ کی تصدیق نہیں کی جا سکتی۔
روسی سفیر کے مطابق پاکستانی میڈیا میں رپورٹ ہونے والی باتیں متضاد تھیں، اور جس شخص کی بھرتی کا ذکر کیا گیا وہ روسی سفارت خانے میں ویزے کے لیے درخواست بھی نہیں دے سکا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر پاکستانی متعلقہ ادارے تحقیقات کر رہے ہیں اور امید ہے کہ جلد نتائج سامنے آئیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے پاکستانی میڈیا میں یوکرین کے جانی اور انفراسٹرکچر نقصانات پر بات کی جاتی ہے جبکہ روس کے نقصانات کم ہی زیر بحث آتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ روس یوکرین جنگ میں جلد یا بدیر اپنے اہداف حاصل کرے گا اور روس ہر طرح کے حالات کے لیے تیار ہے۔