عید الفطر دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے خوشی کا موقع فراہم کرتی ہے، پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمان اس روز اپنی حیثیت کے مطابق عید کے کپڑے پہنتے ہیں، مزیدار کھانے بناتے ہیں اور عزیز و اقارب سے ملنے جاتے ہیں۔ تاہم کچھ لوگ عید کی تیاری رمضان کے آخری دنوں میں بھی جاری رکھتے ہیں، عید کے روز کون سے رنگ کے کپڑے پہنیں، آج کل کون سا اسٹائل ٹرینڈنگ پر ہے، ہاتھوں پر مہندی کیسی لگائیں، جوتے کون سے پہنیں؟ یہ اور بہت سے سوالات ہر شخص کے ذہن میں گردش کر رہے ہوتے ہیں، ہر کوئی بس یہی چاہتا ہے کہ اس دن وہ خوبصورت نظر آئیں۔ لیکن پاکستان کے مختلف شہروں میں گرم موسم اور اوپر سے مہنگائی نے لوگوں کو اپنی پسند کا لباس سمیت دیگر چیزیں خریدنے کے قابل نہیں چھوڑا۔ ایسے میں ہم آپ سے عید کی تیاری کے لیے کچھ آئیڈیاز شیئر کر رہے ہیں جس سے متاثر ہو کر آپ اپنی عید کی تیاری مکمل کر سکتے ہیں۔
ہلکے رنگ کے جوڑے کا انتخاب کریں، پاکستان میں گرمیوں کا موسم آ چکا ہے، گرمی کی مناسبت سے لباس اور اس کے رنگ کا انتخاب کچھ حد تک گرمی کو مات دینے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔ اگر آپ باہر کی گرمی سے محفوظ رہنا چاہتے ہیں تو لباس اور اس کے رنگوں کا انتخاب محتاط رہ کر کریں۔ موسم گرما میں کاسنی رنگ کے ملبوسات کا استعمال بڑھ جاتا ہے، یہ رنگ پہننے والے کو ہی نہیں بلکہ دیکھنے والوں کی آنکھوں کو بھی سکون کا احساس فراہم کرتا ہے۔ آپ آسمانی، گلابی، لائٹ گرین، سفید، گرے رنگ کے جوڑوں کا بھی انتخاب کر سکتے ہیں۔
بالوں کا اسٹائل، موسم گرما میں آپ کا ہیئر اسٹائل جتنا باوقار ہوگا آپ اتنا ہی ریلیکس فیل کریں گی۔ کسی بھی لباس کے ساتھ آپ کے پرفیکٹ ہیئر اسٹائل کا ہونا بھی اتنا ہی اہم ہے جتنا کہ آپ کے میک اپ یا جیولری کا۔ فش ٹیل بریڈ جسے عام طور پر کھجوری چوٹی بھی کہا جاتا ہے ہیئر اسٹائل ٹرینڈ میں سے ایک ہے، یہ ایک ایسا ہیئر اسٹائل ہے جو کبھی پرانا نہیں ہوتا خاص طور پر موسم گرما میں۔ آپ ٹوئسٹ بن، ہائی پونی ٹیل، بریڈ بیک ود ہاف ٹائی، ٹاپ ناٹ ہیر اسٹائل کا بھی انتخاب کر سکتے ہیں۔
مہندی، مہندی برصغیر پاک و ہند کی قدیم ترین روایت ہے، یہ ایک ایسا فیشن ہے جو ہر عمر کی خواتین بلا جھجھک کرتی ہیں۔ اگر بات کی جائے مہندی کے ڈیزائنز کے حوالے سے تو اب کافی کچھ تبدیل ہو چکا ہے، لڑکیوں کی پسند میں بھی خاصی تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے۔ اگر آپ ہر سال مغل آرٹ کے طرز کے چیک اور منفرد قسم کے بڑے بڑے پھولوں والے ڈیزائن لگا رہی ہیں تو اس سال کچھ نیا کر لیں۔ اس سال چھوٹے پھولوں والی مہندی لگائیں اور کوشش کریں ہاتھ کی پوری ہتھیلی پر مہندی نہ لگائیں بلکہ چھوٹے پھول اور پتیوں والے ڈیزائن کی مہندی کا انتخاب کریں۔
کھسّے، عید کے موقع پر روایتی کھسّے ہمیشہ ٹرینڈنگ پر رہتے ہیں، اور یہ آرام دہ بھی ہوتے ہیں۔ اپنے جوڑے کے مختلف رنگوں کے حساب سے کھسّے کا انتخاب کریں۔