پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے ملک بھر کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کو ہدایت کی ہے کہ وہ داخلہ لینے والے ہر طالبعلم کی لازمی رجسٹریشن یقینی بنائیں۔ قواعد کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانے اور دیگر سخت کارروائیوں کا فیصلہ بھی کر لیا گیا ہے۔
واٹس ایپ چیٹس کے لیے ایک نئی دلچسپ تبدیلی کر دی گئی
پی ایم ڈی سی کی جانب سے جاری کردہ مراسلے کے مطابق تمام سرکاری اور نجی کالجز کو داخلہ لینے والے ہر طالبعلم کی بروقت رجسٹریشن یقینی بنانا ہو گی۔ مقررہ مدت میں رجسٹریشن نہ کرنے کی صورت میں فی طالبعلم 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
مختص نشستوں سے زائد داخلوں کی صورت میں ادارے سے ہر طالبعلم کی 100 فیصد فیس وصول کی جائے گی۔ اسی طرح بے ضابطہ داخلوں پر بھی مکمل فیس لی جائے گی۔ ضابطوں کی خلاف ورزی کرنے والے اداروں کی آئندہ سال کے لیے نشستوں میں بھی کمی کی جا سکتی ہے۔
مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ گریجویشن رپورٹ تاخیر سے جمع کرانے پر 75 ہزار روپے فی طالبعلم جرمانہ ہو گا جبکہ سالانہ امتحانی نتائج تاخیر سے رپورٹ کرنے پر 30 ہزار روپے فی طالبعلم جرمانہ مقرر کیا گیا ہے۔
پی ایم ڈی سی کے مطابق میرٹ لسٹ اور داخلہ فہرست تاخیر سے جاری کرنے پر 5 لاکھ روپے جرمانہ اور یومیہ 50 ہزار روپے اضافی جرمانہ عائد ہو گا۔ تین مرتبہ خلاف ورزی کرنے والے اداروں کو کونسل کی گرے لسٹ میں شامل کیا جائے گا۔