نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے پاکستانی طالبات کے لیے اسکالرشپ کا اعلان کر دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے ویڈیو پیغام میں ملالہ یوسفزئی نے کہا کہ جب انہوں نے آکسفورڈ یونیورسٹی سے گریجویشن مکمل کی تو ان کے لیے یہ انتہائی اہم تھا کہ وہ ان لڑکیوں کے لیے کچھ کریں جو تعلیم کے حق کے لیے جدوجہد کر رہی ہیں اور اعلیٰ تعلیم حاصل کرنا چاہتی ہیں۔
دہشتگردی کو محرومی سے کیسے جوڑا جاسکتا ہے؟ وزیراعلیٰ بلوچستان
ملالہ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ یہ اسکالرشپ پاکستانی خواتین کو آکسفورڈ یونیورسٹی میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کرنے کا موقع فراہم کرے گی، خصوصاً ان خواتین کو جو اپنی تعلیم کے ذریعے پاکستان میں مثبت تبدیلی لانے کا عزم رکھتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی پاکستانی خاتون آکسفورڈ میں ماسٹرز کرنے کا خواب دیکھتی ہے اور تعلیم مکمل کرنے کے بعد وطن واپس آ کر معاشرے کی بہتری کے لیے کام کرنا چاہتی ہے تو یہ اسکالرشپ ان کے لیے ایک بہترین موقع ہے۔
درخواستیں جمع کرانے کے لیے امیدوار آکسفورڈ پاکستان پروگرام کی ویب سائٹ oxpakprogramme.org پر اپلائی کر سکتی ہیں۔
ملالہ یوسفزئی نے کہا کہ وہ نئی طالبات کو آکسفورڈ یونیورسٹی میں خوش آمدید کہنے کی منتظر ہیں۔