اسلام آباد میں پاکستان میں تعینات ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوگلو نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ترکیہ پاکستان کی ہر ممکن مدد کرے گا۔ پاک ترکیہ فرینڈشپ ویک کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات کی بنیاد بہت پرانی اور مضبوط ہے۔ ہمارے آباؤ اجداد نے آزادی کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں اور ہمیں قائداعظم محمد علی جناح کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کرنا چاہیے۔
سپریم کرٹ؛ شبلی فراز کی نشست پر سینیٹ الیکشن کا شیڈول معطل کرنے کی استدعا مسترد
ترک سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات انتہائی مضبوط ہیں اور ہم اس عزم کو دہراتے ہیں کہ یہ دوستی مزید گہری اور مستحکم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ کو بخوبی احساس ہے کہ پاکستان دہشت گردی کا شکار رہا ہے اور ہم اس حوالے سے پاکستان کی ہر ممکن مدد جاری رکھیں گے۔ عرفان نذیر اوگلو نے مزید کہا کہ دونوں ممالک معیشت اور تجارت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دے رہے ہیں، اور سیاحت، دفاع اور کاروبار کے میدانوں میں بھی تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
اس موقع پر چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاک ترکیہ فرینڈشپ ویک کی تقریبات پورا ہفتہ جاری رہیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ کل پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس میں ترکیہ کی ثقافت پر مبنی فلمیں اور مختلف سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی، جبکہ اختتامی تقریب کنونشن سینٹر میں ایک گرینڈ ایونٹ کی صورت میں ہوگی۔
رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کی دوستی کی تاریخ دیرینہ ہے اور پاکستانی عوام کے دل ترکیہ کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قیامِ پاکستان کے وقت سے ترکیہ نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور ہر بین الاقوامی فورم، بشمول اقوام متحدہ میں، پاکستان کی حمایت جاری رکھی ہے۔