آئی ٹی سی این ایشیا کراچی 2025: پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر کے لیے نئی جہتوں کا آغاز
کراچی — پاکستان میں آئی ٹی سیکٹر کی ترقی، ڈیجیٹل معیشت کے فروغ اور عالمی شراکت داری کے قیام کے لیے ایک اہم قدم کے طور پر 26ویں آئی ٹی سی این ایشیا کا انعقاد 23 سے 25 ستمبر 2025 تک کراچی ایکسپو سینٹر میں کیا جا رہا ہے۔
اس عظیم الشان تین روزہ نمائش کا انعقاد ای کامرس گیٹ وے پاکستان کے زیرِ اہتمام اور وزارتِ آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام و ایس آئی ایف سی (سپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل) کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے۔ نمائش کا باضابطہ افتتاح وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کام، محترمہ شزہ فاطمہ خواجہ کریں گی۔
تقریب میں 700 سے زائد نمائش کنندگان اور 100 سے زائد بین الاقوامی مندوبین شرکت کریں گے، جو آرٹیفیشل انٹیلیجنس، سائبر سیکیورٹی، G5 ٹیکنالوجیز سمیت جدید ترین ٹیکنالوجیز کی نمائش کریں گے۔
ای کامرس گیٹ وے پاکستان کے گروپ ڈائریکٹر محمد عمیر نظام نے کہا:
"پاکستان کا آئی ٹی سیکٹر صرف ایک صنعت نہیں بلکہ معاشی تبدیلی کا انجن ہے۔ یہ سیکٹر برآمدات میں اضافہ، اربوں روپے کی سرمایہ کاری اور لاکھوں نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع فراہم کر رہا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ "ٹیک ڈیسٹینیشن پاکستان” جیسے مؤثر اقدامات کے ذریعے یہ ایونٹ نہ صرف تکنیکی ترقی بلکہ بین الاقوامی سرمایہ کاری کے فروغ کا سبب بنے گا۔
تقریب میں 50 ہزار سے زائد شرکاء، جن میں عالمی ٹیک لیڈرز، اسٹارٹ اپس، سرمایہ کار، پالیسی ساز اور سفارت کار شامل ہوں گے، مستقبل کے کاروباری رجحانات پر تبادلہ خیال کریں گے۔ دنیا کے 25 سے زائد ممالک سے آنے والے وفود ایونٹ میں شرکت کریں گے، جو پاکستان کے لیے ایک قابلِ فخر عالمی شناخت ہے۔
ایس آئی ایف سی کی معاونت سے یہ ایونٹ پاکستان کے قومی ٹیک ایکو سسٹم میں ترقی، جدیدیت اور عالمی شراکت داری کے نئے باب کھولے گا۔