پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے اردو نیوز کو آڈیو لیک کے معاملے پر موقف دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ واضح طور پر کٹ اینڈ پیسٹ آڈیو ہے۔ اور جو کٹس ہیں ان کی آواز بھی واضح ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’حکومت کے سٹریٹیجک میڈیا سیل کو اس طرح کے بچگانہ کام پر لات مار کر نکال دینا چاہیے۔‘
اپنے جواب میں فواد چوہدری نے مزید کہا ’تم سے نہ ہو پائے گا پانڈے جی۔‘
پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے بھی اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آڈیو لیک کے بارے میں کہا کہ آڈیو کے ٹکرے جوڑ کر یہ آڈیو بنائی گئی ہے۔
آڈیو میں عمران خان کی آواز میں کہا جا رہا ہے کہ ’اب انہیں بڑی غلط فہمی ہو گئی ہے کہ جناب اب نمبر گیم پوری ہے۔ یہ نمبر ایسا ہے نہیں۔ ایسا مت سوچیں کہ گیم ختم ہو گئی ہے۔‘
آڈیو کے مطابق ’کیونکہ اب سے لے کر 48 گھنٹے بہت لمبا عرصہ ہے اس میں بڑی چیزیں ہو رہی ہیں۔ میں اپنی طرف سے کئی چالیں چل رہا ہوں جو ہم پبلک نہیں کر سکتے۔ پانچ (ایم این ایز) تو میں خرید رہا ہوں ناں میرے پاس ہیں پانچ۔ میسج دے دیا ہے کہ جو پانچ ہیں نا وہ بڑے اہم ہیں اور اس کو کہیں کہ وہ ہمیں پانچ اور لے دے نا۔ تو اگر دس ہو جائیں تو گیم ہمارے ہاتھ میں ہے۔‘
لیک کی گئی آڈیو میں عمران خان کی آواز کہہ رہی ہے کہ ’اس وقت قوم الارم ہوئی ہے یعنی ہر طبقے کے لوگ چاہ رہے ہیں کسی طرح ہم جیت جائیں تو اس لیے کوئی فکر نہ کریں کہ یہ ٹھیک ہے یا غلط ہے کوئی بھی حربہ ہو ایک، ایک بھی اگر کوئی توڑ دیتا ہے نا تو اس سے بھی بڑا فرق پڑے گا۔‘
فواد چوہدری نے اپنی ٹویٹ میں بھی ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ آڈیوز جہاں بن رہی ہیں اور کیسے بن رہی ہیں، سب کو اس کا علم ہے۔