شہر لاہور میں گرمی کی شدت میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے، سورج آگ برسانے میں مصروف ہے جبکہ محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے نے ہیٹ ویو سے متعلق الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے اجتناب کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔ آئندہ کچھ گھنٹوں میں درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شام 5 بجے تک گھروں میں محدود رہنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ ہیٹ اسٹروک اور دیگر گرمی سے پیدا ہونے والے مسائل سے بچا جا سکے۔ بزرگ شہری، بچے اور بیمار افراد خاص طور پر احتیاط برتیں۔
دوسری جانب لاہور فضائی آلودگی کے اعتبار سے دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں تیسرے نمبر پر آ گیا ہے۔ شہر میں فضائی آلودگی کی مجموعی شرح 121 ریکارڈ کی گئی ہے جو انسانی صحت کے لیے مضر قرار دی جاتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ گرمی اور فضائی آلودگی کا امتزاج شہریوں کی صحت پر منفی اثرات ڈال سکتا ہے لہٰذا شہری ماسک کا استعمال کریں اور پانی کا زیادہ استعمال کریں۔