عطاء تارڑ کی وزیراعلی خیبرپختونخوا ہ کے گولی چلانے کے بیان پرکڑی تنقید

0

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے وزیراعلی خیبرپختونخوا ہ کے حالیہ بیان پر شدید تنقید کی ہے، جس میں انہوں نے گولی چلانے اور لاشیں گرانے کی دھمکی دی۔ تارڑ نے اس بیان کو وزیراعلی کی ناکامی کا اعتراف قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ واضح ہے کہ وہ اپنی حکومت کو چلانے کے قابل نہیں ہیں۔تارڑ نے کہا، "اسلام آباد اور پنجاب پر لشکرکشی کی دھمکی دراصل 9 مئی کے واقعات کو دوبارہ دہرانے کا اعلان ہے۔ وزیراعلی خیبرپختونخوا ہ نے اب گالی سے آگے بڑھ کر گولی کی بات کی ہے، اور اس طرح وہ صرف اپنے نقصان کا باعث بنیں گے، کسی اور کا نہیں۔”

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کا کوئی بھی بیان، اقدام یا رویہ جمہوری، سیاسی اور پارلیمانی نہیں ہے۔ "یہ لوگ کبھی یہ نہیں کہتے کہ ہم تعلیم، صحت، روزگار، یا معاشی بہتری کے میدانوں میں مقابلہ کریں گے۔ اگر واقعی انقلاب لانا ہے تو یہ صحت، تعلیم اور عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں تبدیلی لائیں۔ خیبرپختونخوا میں کرپشن اور نااہلی کی انتہا ہو چکی ہے۔”

عطاءاللہ تارڑ نے یہ بھی کہا کہ اصل مقابلہ یہ ہے کہ خیبرپختونخوا ہ کی حکومت اپنے لوگوں کو وفاق اور پنجاب کی طرح بجلی کے صارفین کو کوئی ریلیف فراہم کرے۔ "یہ ایک اور اہم نقطہ ہے کہ ہسپتالوں اور درس گاہوں کی تعمیر سے عوام کی خدمت کا کوئی ریکارڈ قائم کیا جائے۔”انہوں نے اس بات پر بھی تنقید کی کہ صدر شی جن پنگ کے دورے کو دھرنوں سے ناکام بنانے والے اب شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس کے موقع پر پھر فساد مچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

تارڑ نے پی ٹی آئی پر الزام لگایا کہ وہ پاکستان کو ڈیفالٹ کے کنارے پہنچانے میں ملوث تھی اور اب انہیں تکلیف ہے کہ ملک معاشی بحالی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے۔تیز ترین مہنگائی سے تکلیف دینے والوں کو یہ بھی تکلیف ہے کہ مہنگائی 32 فیصد سے کم ہو کر 9.6 فیصد پر کیوں آگئی ہے۔”انہوں نے واضح کیا کہ "گالی، گولی اور بندوق سے مہنگائی کم نہیں ہوگی، اور نہ ہی بیروزگاری کا مسئلہ حل ہوگا۔ گیارہ سال سے خیبرپختونخوا ہ پی ٹی آئی کی لوٹ مار کا اڈہ بنا ہوا ہے۔”

آخر میں، تارڑ نے وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے فلسطینیوں کی حمایت کرنے کی تعریف کی اور کہا کہ اس اقدام نے اسرائیل کے ایجنٹوں کو تکلیف میں ڈال دیا ہے۔

مولانا فضل الرحمان بلا مقابلہ جے یوآئی کے امیر منتخب

Leave A Reply

Your email address will not be published.